0
Thursday 24 Jun 2021 09:22

لاہور، جوہر ٹاون دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

لاہور، جوہر ٹاون دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا
اسلام ٹائمز۔ جوہر ٹاون لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔  مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کیا ہے۔ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی انسپکٹر عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی، ایکسپلوژو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ جوہر ٹائون میں ہونیوالے پُراسرار دھماکے میں 4 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں 2 بچے، ایک خاتون اور پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی اس سے اطراف کے کئی گھروں اور وہاں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے دھماکے والی جگہ اور اطراف کے علاقے کو سیل کر دیا۔ دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا۔
 
وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ خاتون عینی شاہد کے مطابق ایک آدمی موٹر سائیکل کھڑی کرکے گیا، پھر موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔ اُدھرآئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے لاہور دھماکے کا ٹارگٹ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے تھے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا جوہر ٹاؤن دھماکے میں جو مالی و جانی نقصان ہوا ہم وہ تو پورا نہیں کر سکتے لیکن ہماری کوشش ہے اس میں جو لوگ بھی ملوث ہیں وہ پکڑے جائیں، بہت جلدی ان کے بارے میں اچھی خبر دیں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 939773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش