0
Monday 28 Jun 2021 18:58

نظام بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا، پاکستان عوامی تحریک

نظام بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران و صوبائی صدور بشارت جسپال، نور احمد سہو اور قاضی شفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کو بدلنے کے لئے ظلم پر مبنی اس کرپشن زدہ نظام کو بدلنا ہو گا۔ موجودہ کرپٹ جمہوری نظام نے ریاستی اداروں کو کمزور اور مافیاز کو مضبوط کیا ہے۔ دہشتگرد گروپس اور ڈکیت گینگز ریاست اور اس کے اداروں کی رٹ کو کھلم کھلا چیلنج کرتے ہیں اور دوبدو لڑائی کے لئے ہروقت تیار رہتے ہیں۔ ممبران کور کمیٹی نے کہا کہ روز بروز لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔ ہر صوبہ میں ڈکیت گینگز نے محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں اور وہ بے دھڑک دن دہاڑے روڈ ڈکیتی، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری جیسے جرائم کر رہے ہیں۔ ان گینگز کا مقابلہ کرنا سیاست زدہ اور کرپشن کی لت میں مبتلا پولیس کے بس کی بات نہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ ماضی میں پنجاب پولیس کا چھوٹو گینگ سے پالا پڑا تو چھوٹو گینگ نے پولیس کو ٹف ٹائم دیا اور اس مقابلے میں کئی پولیس اہلکار جانوں سے گئے۔ اسی طرح آج کل کشمور، ڈیرہ غازی خان میں ڈاکو راج قائم ہے۔ خبریں سن رہے ہیں کہ ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن ہو رہا ہے۔ آپریشن کے دوران ڈکیت گینگز اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں بیٹھ کر پولیس سے زیادہ جدید اسلحہ استعمال کر رہے ہیں اور کسی کے قابو میں نہیں آ رہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سیاسی سرپرستی کے بغیر ایسے گینگز آپریٹ نہیں کر سکتے۔ پہلے ان گینگز کو پالا جاتا ہے اور پھر آپریشن کے ڈرامے رچائے جاتے ہیں۔ جرائم پیشہ گروہوں کو پولیس کے اندر سے بھی اور باہر سے بھی تعاون میسر رہتا اور اگر کوئی چھوٹا موٹا گینگ پکڑا جائے تو ہمارا ناقص کرپشن زدہ نااہلی پر مبنی تفتیشی نظام مجرم کو سزا دلوانے میں ناکام رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے اندر سے جرائم پیشہ عناصر کو قانونی سہولتیں دستیاب رہتی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ جمہوری نظام نے زندگی کے ہر شعبہ میں مافیاز کو مضبوط کیا۔ ہر طرف چینی مافیا، آٹا مافیا، دوائی مافیا، دودھ مافیا، پھل سبزی مافیا نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔ ہر دور میں حکمران ان مافیاز کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا۔ 




 
خبر کا کوڈ : 940413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش