0
Sunday 18 Jul 2021 22:31

اپوزیشن لیڈر کا گلگت بلتستان میں فوری لاک ڈائون کا مطالبہ

اپوزیشن لیڈر کا گلگت بلتستان میں فوری لاک ڈائون کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حُسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے پنجے گاڑ دیئے ہیں۔ کورونا کے مریضوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ آئے روز لوگ مر رہے ہیں، کرونا کے سنٹرز میں جگہ ختم ہو رہی ہے، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کرونا مریضوں کے علاج کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ایمرجنسی کا نفاذ بہت ضروری ہے۔ لاک ڈون کے علاوہ کرونا مریضوں کے علاج کے لیے ہنگامی طور کروونا کے سنٹرز قائم کئے جائیں اور پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کرونا وائرس کے سنگین حالات میں ٹس سے مس نہیں ہے، حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ کرونا سنٹرز قائم کرے تاکہ کرونا وائرس کے مریضوں کا بروقت علاج کیا جا سکے، جن ہسپتالوں میں آئسولیشن اور کورنٹین سنٹرز ہیں، وہاں پر پہلے سے مریض بھرے پڑے ہیں، اگر صوبائی حکومت کی اسی طرح غیر سنجیدگی رہی تو گلگت بلتستان کے حالات مزید سنگین ہونگے، گلگت بلتستان میں انڈین اور یو کے وائرس پایا گیا ہے جو بہت خطرناک ہے، اس وقت تک گلگت بلتستان کو مکمل لاک ڈوان کرنا چاہیے تھا، بدقسمتی سے وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری دونوں اسلام آباد سے گلگت نہیں آ رہے ہیں، جبکہ گلگت بلتستان کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ کیو ہسپتال میں موجود آکسیجن سلنڈرز ایک گھنٹے میں ختم ہو جاتے ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ مریضوں سے دن بھر کی فیسیں وصول کرتی ہے، کورونا مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹس میں تاخیر ہونے کی وجہ سے کرونا کے مریضوں کو عام مریضوں کے ساتھ رکھا جاتا ہے، جس کے بعد عام مریض بھی کورونا سے متاثر ہو جاتے ہیں، اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانا وقت کی اشد ضرورت ہے تاکہ کورونا کے سنگین حالات سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 944110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش