0
Thursday 22 Jul 2021 21:16

وزیراعلیٰ بلوچستان کا سوراب کا دورہ، تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ بلوچستان کا سوراب کا دورہ، تقریب سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ عید الاضحیٰ کے دوسرے دن وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سوراب کا دورہ کیا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر ہمیں محسوس ہوا کہ صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ منصوبہ بندی کا فقدان رہا ہے۔ اس سے پہلے صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے کسی نے بھی نہیں سوچا تھا۔ ہماری حکومت نے وہ کام کیا ہے، جو پورے صوبے کے لوگوں کی ضرورت تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت اور اپوزیشن کے حلقے سے بالاتر ہو کر کام کیا ہے۔ تمام اضلاع میں انفراسٹکچر کی ترقی پر کام کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سریاب اپوزیشن کا حلقہ ہے، لیکن کوئٹہ کا سب سے زیادہ فنڈ سریاب میں لگ رہا ہے۔ اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومت کو کام نہیں آتا، اگر لوگوں کو ترقی دینا کام نہیں ہے تو پھر ہمیں کام نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوراب سمیت پورے صوبے کے گرلز اور بوائز کالجز کو ڈگری کا درجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے طبی سہولیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے خاتمے کے لیے ہم کام کر رہے ہیں، 14 سو سے زائد مریضوں کا مفت علاج ہوچکا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کینسر ہسپتال تعمیر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہزاروں لوگوں کو ملازمتیں دی ہیں۔ تعلیم، صحت، روڈز، پانی، کھیلوں سمیت تمام ترقیاتی کاموں پر منصوبہ بندی کے تحت کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگ باشعور ہیں، وہ کام کرنے والے اور باتیں کرنے والوں میں تمیز رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوراب ایک اہمیت کا حامل علاقہ ہے، اس کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 944619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش