0
Friday 6 Aug 2021 23:34

پی ٹی آئی کراچی نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 42 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے

پی ٹی آئی کراچی نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 42 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی نے شہر کے تمام کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے لئے 42 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے۔ امیدواران کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے جیت کے لئے پر امید ہے، ہر کنٹونمنٹ سے بہترین امیدواروں کا انتخاب کیا ہے، پی ٹی آئی نے کراچی کی خدمت کی ہے، ہمارے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے فنڈز سے 9 ارب 90 کروڑ روپے گلی محلوں میں عوامی مسائل حل کرنے کے لئے خرچ کئے، سندھ حکومت کراچی کی عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، پارکس ہمارے ایم این ایز نے تعمیر کروائے، کراچی شہر میں اسپورٹس گراؤنڈ بنائے گئے، کراچی کے بڑے مسائل وزیراعظم حل کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ دیکھتے ہوئے کراچی میں کے فور منصوبہ وزیر اعظم مکمل کروا رہے ہیں، وفاقی حکومت نے 52 فائر بریگیڈ کراچی کو دیئے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق کے فنڈ سے منگھوپیر، نشتر روڈ تعمیر کیا گیا، وفاقی حکومت نے نارتھ ناظم آباد میں 6 فلائی اوورز تعمیر کروائے، یہ تمام کام سندھ حکومت کی ذمہ داری تھی لیکن جب سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو ہم عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے کراچی میں اللہ کی رحمت زحمت بن جاتی تھی، 35 ارب روپے وفاق نے نالوں کی صفائی پر خرچ کئے، سندھ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے نالوں میں گندگی کچرہ جمع کیا جاتا تھا، وفاقی حکومت نے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے انتخابات کا اعلان کیا، اس کے برعکس سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کچرا، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر بنانے میں ناکام رہی، 13 سالوں میں سندھ کے حالات بدتر ہوگئے، ہم نے سندھ حکومت کو بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے کئی بار کہا، آرٹیکل 140اے کے تحت ہم نے عدالت سے رجوع کیا، ایک سال مکمل ہورہا ہے مگر صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 947122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش