0
Friday 20 Aug 2021 18:54

طالبان کا افغانستان میں عزاداری کی اجازت دینا لائق تحسین ہے، طاہر اشرفی

طالبان کا افغانستان میں عزاداری کی اجازت دینا لائق تحسین ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کے صدر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے علماء مشائخ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، وزارت اطلاعات، وزارت مذہبی امور، متحدہ علماء بورڈ، اوقاف، اسلامی نظریاتی کونسل، آئی ایس پی آر اور سیکورٹی اداروں کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، آج 70 سال بعد یکساں نظام تعلیم کو نافذ اور مدارس بورڈ کو تعلیمی بورڈ سے منسلک کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان کے اندر خون بہنا بند ہو جائے اور قومی حکومت کا قیام عمل میں آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ میں متحدہ علماء بورڈ کے غیر رسمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا راغب نعیمی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا اسداللہ فاروق، مولانا زبیر عابد، مولانا اسلم صدیقی، سہیل احمد رضا، مولانا اسلم فاروقی سمیت علماء کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حافظ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کیساتھ تعلقات بارے وزارت خارجہ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے، ان شاءاللہ افغانستان بارے عوام کو اچھی خبریں ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا افغان طالبان اور افغان علماء کیلئے امن اور دوستی کا پیغام ہے، ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں خون بہنا بند ہو جائے وہاں پر قومی حکومت کے قیام عمل میں آئے تاکہ افغانستان میں ہمیشہ کیلئے امن قائم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان میں بھی امن قائم ہوگا 20 سال بھارت افغانستان میں بیٹھ پر پاکستان کیخلاف سازشیں کرتا رہا، وہاں سے پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کارروائیوں کو آپریٹ کیا جاتا رہا اب افغان طالبان نے یقین دہانی کروائی ہے افغان سرزمین کو پاکستان سمیت کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حافظ طاہر اشرفی نے محرم الحرام کے دنوں میں افغان طالبان قیادت کی امام بارگاہوں میں خطبات، جلوسوں میں شرکت، انہیں سکیورٹی کی فراہمی اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی اقلیت کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی کو بھی مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کے 14نکات پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، ہماری کوشش ہے کہ وزارت قانون ان متفقہ 14نکات کے حوالے سے اسمبلی کے اندر قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولنگر میں ایک افسوسناک واقعہ کے علاوہ پورے پاکستان میں مکمل امن رہا، بہاولنگر واقعہ کے بعد تمام مسالک نے اس بارے مثبت کردار ادا کیا، گرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 949448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش