0
Friday 3 Sep 2021 22:40

لبنان میں بجلی گھر تعمیر کرنے کو تیار ہیں، محمد جلال فیروزنیا

لبنان میں بجلی گھر تعمیر کرنے کو تیار ہیں، محمد جلال فیروزنیا
اسلام ٹائمز۔ بیروت میں ایرانی سفیر محمد جلال فیروزنیا نے لبنانی ٹیلیویژن کے ساتھ ملکی ایندھن و بجلی کے بحران کے حوالے سے ایرانی امداد کے بارے تفصیلی گفتگو کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عرب چینل المنار کے "پینوراما" پروگرام کے ساتھ گفتگو کے آغاز میں محمد جلال فیروز نیا نے ایران کی جانب سے لبنان کو ایندھن کی ترسیل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران؛ لبنانی عوام کو بھوکوں مارنے، ان کے محاصرے اور ظالمانہ و غیر قانونی پابندیوں پر مبنی امریکی مذموم منصوبے کو عملی جامہ پہننئے نہیں دے گا۔ عرب روزنامے الاخبار کے مطابق ایرانی سفیر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تہران، لبنان کو ایندھن کی ترسیل میں کسی فریق کو مداخلت نہیں کرنے دے گا، کہا کہ نہ صرف گامزن ایرانی ایندھن بردار بحری بیڑے اپنی منزل مقصود تک ضرور پہنچیں گے بلکہ اس مقصد کے لئے مزید بحری بیڑے بھی بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے تیل سے متعلق ایرانی مصنوعات پر عائد امریکی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیا اور اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ لبنان کو ایندھن کی ترسیل میں مداخلت کرنے کا امریکہ سمیت کسی کو حق حاصل نہیں، کہا کہ یہ مسئلہ صرف اور صرف ایران و لبنان سے متعلق ہے۔ ایرانی سفیر نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں کہا کہ قبل ازیں تہران نے بیروت کو بجلی گھر کی تعمیر کی پیشکش کی تھی لیکن لبنانی حکومت کی جانب سے اس پیشکش کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اب بھی ایرانی پیشکش برقرار اور اس منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ایران مکمل طور پر تیار ہے، امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی حکومت اس پیشکش کا مثبت جواب دے گی۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بعض فریق لبنانی حکومت کی جانب سے اس پیشکش پر مثبت جواب دیئے جانے میں رکاوٹ بن رہے ہیں.. کہا کہ ہم لبنان کی صورتحال کو بخوبی جانتے اور محسوس کرتے ہیں لیکن یہ ہمارا وظیفہ ہے کہ لبنانی عوام کی مدد کے لئے ایسے تعمیری منصوبے پیش کرتے اور اس پر عملدرآمد کے لئے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار رہیں۔
خبر کا کوڈ : 951981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش