0
Tuesday 7 Sep 2021 23:58

فلسطین کے اسلامی مزاحمتی گروہوں کا تل ابیب کو پندرہ روزہ الٹی میٹم

فلسطین کے اسلامی مزاحمتی گروہوں کا تل ابیب کو پندرہ روزہ الٹی میٹم
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین کے اسلامی مزاحمتی گروہوں نے غاصب صہیونی رژیم کو پندرہ دن کا الٹی میٹم دیا ہے جس میں اسے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ اور شدت پسندانہ اقدامات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلامی مزاحمتی گروہوں نے مصر کو بھی ایک اہم خط لکھا ہے۔ غزہ کی پٹی ان دنوں انتہائی نازک حالات کا شکار ہے اور ہر لمحہ غاصب صہیونی رژیم کے ساتھ بھرپور جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ گیارہ دن تک جاری رہنے والا شمشیر القدس معرکہ مصر کی ثالثی سے جنگ بندی پر منتج ہوا تھا لیکن اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم اس وقت سے اب تک جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتی آ رہی ہے۔ اب تک فلسطین کے اسلامی مزاحمتی گروہ کئی بار غاصب صہیونی رژیم کو جنگ بندی کی شرائط پر عمل کرنے کی وارننگ دے چکے ہیں۔
 
مصر کی ثالثی میں انجام پانے والی جنگ بندی میں طے پایا تھا کہ غاصب صہیونی رژیم غزہ کی پٹی کے خلاف ظالمانہ محاصرے میں نرمی لائے گی لیکن اب تک ایسا نہیں ہوا اور نہ ہی مصر نے اس کی کوئی ضمانت فراہم کی ہے۔ غاصب صہیونی حکام نے نہ صرف غزہ کے خلاف محاصرے میں نرمی نہیں کی بلکہ آئے دن اسے فضائی حملوں کا نشانہ بناتے آ رہے ہیں۔ اسی طرح صہیونی حکام نے فلسطینی مچھیروں اور تاجروں پر بھی شدید دباو ڈال رکھا ہے۔ فلسطین کے اسلامی مزاحمتی گروہوں نے مصر کے حساس اداروں کو بھی خط لکھا ہے جس میں غاصب صہیونی رژیم کے خلاف فیصلہ کن اقدامات انجام دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس خط میں مصری حکام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اسلامی مزاحمت کے پاس ظالم صہیونی رژیم کے خلاف بہت سے آپشنز موجود ہیں اور ہم اس رژیم کی شدت پسندی مزید برداشت نہیں کریں گے۔
 
مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصر بھی غاصب صہیونی رژیم کے جارحانہ اقدامات اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید برہم ہے۔ حال ہی میں ایک اسرائیلی وفد نے مصر کا دورہ کیا ہے جس میں مصری حکام نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ مصری حکام نے صہیونی وفد سے غزہ کے خلاف محاصرہ نرم کرنے اور جنگ بندی کی شرائط کی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ لیکن صہیونی حکمران حتی مسجد اقصی اور بیت المقدس کی بے حرمتی اور شدت پسندانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مزید برآں، مقبوضہ فلسطین اور قدس شریف میں مقیم مسلمان فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کر کے ان کے گھر بھی مسمار کئے جا رہے ہیں۔ اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے پندرہ دن کے الٹی میٹم سے مقبوضہ فلسطین میں ایک اور جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 952706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش