0
Monday 11 Oct 2021 23:00

 موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، یوسف رضا گیلانی 

 موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، یوسف رضا گیلانی 
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار تین سالہ دور حکومت میں ناکامی کے بعد اب ملک کو آرڈینینس پر چلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن زیادہ دیر تک یہ کھیل بھی نہیں چل سکے گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس، تیل کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، رہی سہی کسر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہے جس کی وجہ سے عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا ہے اور عوام خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیراعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ، سابق ڈی آئی جی سردار اختر خان گورچانی، سابق ایم پی اے سردار اطہر خان گورچانی سے اپنی رہائش گاہ پر کی گئی ملاقات میں کیا، اس موقع پر سیاسی امور اور ڈی جی خان، راجن پور کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی سید علی موسی گیلانی، ضلعی صدر راجن پور سردار سجاد خان گورچانی، سردار وقاص گورچانی، سردار امان اللہ گورچانی، آفتاب خان بابر بھی ملاقات موجود تھے۔ 

سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے لیکن ایوانوں میں بیٹھے حکومتی وزرا، مشیران، اراکین اسمبلی سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں، ایک طرف یہ صورتحال ہے تو دوسری طرف ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے، ڈالر کی قیمت آسمانوں تک پہنچ چکی ہے، روپے کی قدر ختم ہو چکی ہے، پیپلزپارٹی بڑھتی ہوئی مہنگائی، یوٹیلیٹی بلز اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کرچکی ہے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اضافی قیمتیں واپس نہیں لی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ آج آٹے کی قیمت فی کلو 75، چینی فی کلو 105سے تجاوز کرچکی ہے اسی طرح گھی کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافے کی وجہ سے غریب قوم شدید پریشانی سے دوچار ہے، لیکن ریاست مدینہ کے دعویداروں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے، پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کے لئے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 958218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش