0
Saturday 27 Nov 2021 22:45

پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی و عوامی تباہی پر سوچ بچار کریں، شہباز شریف

پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی و عوامی تباہی پر سوچ بچار کریں، شہباز شریف
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی و عوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈالر کی تاریخی بلندی کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی تاریخی بلندی اور روپے کی گرتی قدر ملک میں حکومت اور درست معاشی پالیسی نہ ہونے کا ثبوت ہے، جب وزارت خزانہ اپنے مشیر خزانہ کے بیان کی تردید کرے، جھوٹے اعداد و شمار دیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، قرض، مہنگائی، خسارے، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ہے تاہم ملک میں اگر عوام کی منتخب حکومت ہوتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، ملک کو جس معاشی کھائی میں دھکیل دیاگیا ہے، جلد کچھ نہ کیا گیا تو واپسی بھی ناممکنات میں سے ایک مسئلہ بن جائے گی۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کر رہی ہے، معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کے سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے، معاشی تباہی سے ایسا طوفان اٹھے گا جس میں ہم فیٹف اوردیگر درپیش مسائل بھول جائیں گے لہذا پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی وعوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں کیوں کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 965771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش