0
Thursday 16 Dec 2021 22:43

غیر قانونی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائینگے، عرفان نواز میمن

غیر قانونی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائینگے، عرفان نواز میمن
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن اور دیگر افسران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سال میں کوئٹہ میں نان کسٹم پیڈ، غیرقانونی نمبرپلیٹ، کالی شیشوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 16000 کالے شیشے، 13889 فینسی نمبر پلیٹ اتار دئیے اور 1350 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑیں گئیں ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف نوعیت کے چالان کی مد میں 4 کروڑ 34 لاکھ روپیہ جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک شیر علی، ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس پی سکیورٹی نعیم اچکزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خلیل مراد، ڈائریکٹر ایکسائز ظفر اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
 
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے غیر قانونی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، کالی شیشوں والی گاڑیاں اور فینسی نمبر پلیٹ والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک پولیس کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کو بروقت محکمہ ایکسائز سے رجسٹرڈ کروائیں، ورنہ ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گاڑیوں کو بند کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے سے ہم تمام لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اپنی گاڑیوں سے کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس جلد از جلد ہٹائیں۔ پکڑے جانے کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ان شورومز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جو غیر قانونی گاڑیوں کی خرید و فروخت کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری تمام شہریوں کی ذمہ داری بنتی ہے۔ شہر میں ٹریفک جام اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 968858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش