0
Monday 20 Dec 2021 23:02

عمران خان کا سابق حکومتوں سے متعلق بیان افغانستان کی توہین کا باعث نہیں بنا، افغان وزیر خارجہ

عمران خان کا سابق حکومتوں سے متعلق بیان افغانستان کی توہین کا باعث نہیں بنا، افغان وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے سابق صدر حامد کرزئی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا بیان افغانستان کی توہین کا سبب نہیں بنا۔ وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو سربراہی اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ افغان حکومت میں برسوں کی کرپشن کی وجہ سے سابق حکومت کے خاتمے سے پہلے ہی پڑوسی ملک میں غربت پھیل چکی تھی۔ افغانستان کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ داعش نے افغانستان سے پاکستان کو دھمکیاں دی تھیں۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے بیان کو افغانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش اور افغان عوام کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ الزام کہ داعش افغانستان میں سرگرم ہے، افغانستان سے پاکستان کو دھمکیاں دینا واضح پروپیگنڈا ہے، کیونکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

حامد کرزئی نے کہا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی فورمز پر افغانستان کی جانب سے بات کرنے سے گریز کرنا چاہیئے اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت اور مہذب تعلقات قائم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیئے۔ تاہم افغانستان کی طلوع نیوز کے مطابق افغانستان میں عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کابل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سابق افغان صدر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان افغانستان کی توہین کا باعث نہیں بنا ہے۔ صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سربراہی کانفرنس میں سب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیراعظم عمران خان نے سابق افغان حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ تنقید پر سابق صدر نے ردعمل کا اظہار ضروری سمجھا، میں عمران خان کے بیان کو توہین آمیز نہیں سمجھتا۔
خبر کا کوڈ : 969458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش