0
Saturday 1 Jan 2022 20:34

ہر دور حکومت میں عام آدمی کو عالمی مالیاتی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا، علامہ ساجد نقوی

ہر دور حکومت میں عام آدمی کو عالمی مالیاتی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کا بنیادی کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے ان کی مشکلات میں اضافہ کرنا نہیں، چھ سے سات ماہ کے دوران ایک اور بجٹ آنا باعث پریشانی ہے، نمک، کتابوں سمیت زرعی بیج بھی مہنگے کرنے سے سطح غربت میں مزید اضافہ ہوگا، معاشی تحفظ کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود انحصاری کی پالیسی اپنائی جائے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے منی بجٹ پیش کئے جانے پر ردعمل میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی ایماء پر عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کی بجائے جمہوری حکومت کا کام عوامی مفاد کو مدنظر رکھنا اور ریلیف دینا ہوتا ہے مگر انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہر دور حکومت میں عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے اسے عالمی مالیاتی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا، حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کے سبب ملک میں مڈل کلاس تقریباً ختم ہوچکی ہے، جس نے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کام انجام دینا ہوتا ہے اور اسی باعث امیر و غریب کے درمیان فرق مزید واضح ہونے کے ساتھ ساتھ سطح غربت میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سالانہ بجٹ پر کہا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ایسی ہیں کہ شائد کچھ عرصہ بعد پھر منی بجٹ کے ذریعے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا جائیگا اور ایسا ہی کیا گیا، پہلے جواز تراشا جاتا تھا کہ مہنگائی بیرونی اشیاء کی درآمد سے ہوتی ہے مگر منی بجٹ میں گوشت، نمک، بچوں کے دودھ، کتابوں اور سلائی مشینوں سمیت کپاس و دیگر اجناس پر ٹیکس لگایا جارہا ہے جنہیں درآمد نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں برآمد کیا جاتا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے واضح کیا کہ کبھی بھی عالمی مالیاتی اداروں کے اشاروں پر چل کر ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوگی بلکہ اس سے ایک طرف ملک مزید عالمی مالیاتی اداروں کی دلدل میں دھنسے گا تو دوسری جانب عوام کا جینا محال ہوجائیگا، اس لئے ضروری ہے کہ ان مالیاتی اداروں کی بجائے ملکی مفاد میں مشکل ترین فیصلے کئے جائیں مگر عوام کے ساتھ سچ بولا جائے اور خود انحصاری کی پالیسی اپنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 971520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش