0
Saturday 15 Jan 2022 20:52

کراچی، گودام کی کھدائی کے دوران جنگی اسلحہ، گولہ بارود برآمد

کراچی، گودام کی کھدائی کے دوران جنگی اسلحہ، گولہ بارود برآمد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں گودام کی کھدائی کرکے زمین میں دفنایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہیلی کاپٹر و ٹینک سمیت دیگر ہتھیاروں کے زنگ آلود پرزے برآمد کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع وسطی غلام مرتضیٰ تبسم کی سربراہی میں پولیس نے نیپیئر تھانے کے علاقے لی مارکیٹ میں چینی کے برتنوں کے گودام پر چھاپہ مارا، جہاں کھدائی کے دوران زمین میں دفنایا ہوا بڑی تعداد میں زنگ آلود اسلحہ برآمد کیا۔ پولیس نے ایک پرانی بلڈنگ کے فرش کی کھدائی کی تو ہتھیاروں کی بڑی کھیپ نکل آئی، جو ایک اندازے کے مطابق کم از کم دس سال پہلے محفوظ کیے بغیر ہی زمین میں دفنا دی گئی تھی۔ ڈی ایس پی نیو کراچی معین الدین کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئر کرافٹ، راکٹ لانچر اور اینٹی ٹینک گن سمیت دیگر ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں، برآمد ہونے والا اسلحہ جنگوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

جہاں سے یہ اسلحہ برآمد ہوا ہے، وہ پرانی عمارت ہے، جو چینی برتنوں کے گودام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، اس عمارت کے مختلف حصوں کی کھدائی کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ہتھیار اگر درست حالت میں ہوتے تو بڑی تباہی کیلئے استعمال ہو سکتے تھے، مگر یہ اسلحہ برسوں سے زمین میں دبا ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہو چکا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی تمام گولہ بارود کا معائنہ کیا۔ آخری وقت تک پولیس کی جانب سے عمارت میں کھدائی کا سلسلہ جاری تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گودام مالک نے کس سے گودام کرائے پر حاصل کیا تھا، اس حوالے سے تحقیقات ہوگی، کئی سال پہلے گودام کا مالک کون تھا، اس کی اسلحہ کی مکمل برآمدگی کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 973781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش