0
Tuesday 25 Jan 2022 19:43

صحافی حسنین شاہ کے قتل کیخلاف پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا احتجاجی مظاہرہ

پنجاب حکومت 48 گھنٹوں میں حسنین شاہ کے قاتلوں کو گرفتار کرئے، مقررین کا مطالبہ
صحافی حسنین شاہ کے قتل کیخلاف پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ سینیئر صحافی اور کیپٹیل نیوز کے کرائم رپورٹر حسنین شاہ کے قتل کیخلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ملک گیر احتجاج کی کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام  لاہور پریس کلب میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی، پی ایف یو جے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو، لاہور پریس کلب کے سابق صدر ارشد انصاری، لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر سلمان قریشی، ایپنک کے وائس چیئرمین اصغر خان، ایمرا پروفیشنل کے رہنما عابد خان، پی یو جے کے جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن، حمزہ اظہر سلام  سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور جیسے شہر میں معروف شاہراہ پر دن دیہاڑے ایک صحافی کا قتل پنجاب حکومت کی گورنس پر سوالیہ نشان ہے، وزیراعلی بزدار اور ان کے وزراء تو سخت سکیورٹی کے حصار میں گھومتے پھرتے ہیں جبکہ عام شہری اور صحافی کرائے کے قاتلوں کے ہاتھوں لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر حسنین شاہ کے قاتلوں کو گرفتار کرے ورنہ لاہور پریس کلب میں ہونیوالا احتجاج پنجاب اسمبلی کے باہر بھی ہوگا اور ملک گیر سطح پر بھی مظاہرے ہوں گے۔ سابق صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان صحافیوں کیلئے خطرناک ترین ملک بن چکا ہے، حکومت نے صحافیوں کو تحفظ نہ دیا تو ہم اس حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔

پی ایف یو جے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو نے کہا کہ حسنین شاہ کا قتل آزادی صحافت پر سنگین حملہ ہے، مگر ملک کے صحافی اپنے خون کا نذرانہ تو دیتے رہیں گے مگر اپنے قلم سے سچ کی سیاہی ختم نہیں ہونے دیں گے۔ لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر سلمان قریشی نے کہا کہ اس معاملے پر لاہور پریس کلب کی کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے وہ خود اور کمیٹی میں شامل تمام ممبران اس ایشو کو دیکھ رہے ہیں، ابھی تک پولیس حکام تعاون کر رہے ہیں، لکین اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو اس کیخلاف تمام صحافی تنظیمیں یکجا ہو کر احتجاج کریں گی۔ ایپنک کے وائس چیئرمین اصغر خان نے کہا کہ حسنین شاہ کے قاتلوں کی گرفتاری تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، حسنین شاہ کے ناحق قتل کیخلاف پوری صحافی برادری متحد ہے اور ہم سب ایک ہو کر یہ جنگ لڑیں گے۔ صحافی حمزہ اظہر سلام نے کہا کہ حسنین شاہ کا قتل موجودہ حکومت کی بیڈ گورننس کا عکاس ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار کو اس کا نوٹس لینا ہوگا ورنہ پورے ملک کے صحافی سراپا احتجاج ہوں گے۔

احتجاجی مظاہر ےمیں سینئر صحافی رفیق خان، مظہر اقبال، احمد فراز، عابد خان، طاہر محمود، شہزاد فراموش، تصور حسین شہزاد، شہروز، ندیم سلیمی، گل چمن شاہ، میاں افضل، وقاص ظہیر، سعدیہ صلاح الدین اور جمال احمد سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 975457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش