0
Thursday 15 Sep 2011 16:25

امریکہ کی سرشت میں وفا نہیں، ذوالفقار بھٹو، ضیاءالحق اور شاہ فیصل کو واشنگٹن نے مروایا، اسلم بیگ

امریکہ کی سرشت میں وفا نہیں، ذوالفقار بھٹو، ضیاءالحق اور شاہ فیصل کو واشنگٹن نے مروایا،  اسلم بیگ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکی لفظ وفا سے آشنا ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے آج تک کبھی کسی دوست سے وفا کی ہی نہیں۔ اب پاکستان کے فیصلہ سازوں کی بھی سوچ بدل گئی ہے۔ ہم نے امریکہ کی ناراضگی کی پروا کئے بغیر روس، چین اور ایران سے تعلقات بہتر بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ امریکہ کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ امریکی نائب صدر جوبائیڈن کے پاکستان کو ناقابل اعتماد اتحادی قرار دئیے جانے پر ردعمل میں اسلم بیگ نے کہا کہ ہم پر ناقابل اعتماد ہونے کا الزام وہ لگا رہے ہیں جن کی سرشت میں بے وفائی ہے۔ امریکہ نے افغانستان سے روس کی واپسی کے بعد ہمیں اور افغانیوں کو پس پشت ڈالا۔ روس کے خلاف لڑنے والے جہادیوں کو انتقال اقتدار میں حصہ بھی نہیں دیا اور اقلیت کو جہادیوں کے اوپر لا کر بٹھا دیا۔ روس سے لڑنے اور قربانیاں دینے والوں کی جگہ احمد شاہ مسعود اور ربانی کو بٹھا دیا گیا۔ جس کے بعد امریکہ نے آپس میں لڑائی کرا دی۔ پھر بغیر کسی جرم کے افغانستان میں چڑھ دوڑا۔
سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج جب امریکہ ہار چکا ہے اور افغانستان سے بھاگ رہا ہے تو چاہتا ہے کہ جیتنے والوں کو اقتدار میں پھر حصہ نہ ملے۔ امریکہ نے افغانستان اور ہمارے ساتھ دھوکے پر دھوکہ کیا ہے۔ ہماری تمام قربانیاں نظرانداز کر دی ہیں۔ ہمارے 30 ہزار معصوم بے گناہ مرد، عورتیں، بچے مارے گئے اور 3 ہزار سے زائد فوجی شہید ہوئے ہیں۔ پھر بھی کہتا ہے کہ ہم نے حق دوستی ادا نہیں کیا۔ جنرل مشرف نے امریکی دباو پر افغانستان کے خلاف جنگ میں شریک ہو کر جو بدترین فیصلہ کیا اس سے بڑی قربانی کیا ہو گی، مگر امریکہ نے اسے بھی تسلیم نہیں کیا۔ اسی وجہ سے آج افغانستان کے طالبان ہم پر اعتماد نہیں کرتے اور ہم نتائج بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیں دھونس، دباو سے اپنی جنگ میں شریک کیا اب امریکی مر رہے ہیں تو خود بھگتیں۔ 
اسلم بیگ نے کہا کہ امریکہ کا برا وقت آ چکا ہے جسے وہ اب بھگتے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں طالبان کے ہیڈ کوارٹر کی بات غلط ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے لئے کراچی میں بدامنی پیدا کی، مگر وہ ناکام ہو گیا ہے۔ ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی کی حکومت سے جدا کر کے مسلم لیگ (ن) کو پیغام دیا گیا تھا کہ اکٹھے ہو کر زرداری کی حکومت گرا دو۔ امریکیوں کا مقصد یہ تھا کہ مرضی کی حکومت لا کر جنرل کیانی کو گھر بھیجا جائے، مگر سازش ناکام ہو گئی کیونکہ اب جنرل کیانی اور آصف زرداری دونوں امریکہ کی بات ماننے پر تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم مواقع پر امریکہ لیڈروں کو مروا بھی دیا کرتا ہے، جیسے ذوالفقار بھٹو، شاہ فیصل اور ضیاءالحق کو مروایا تھا۔ اب بھی ہمارے لیڈر خطرے میں ہیں۔ امریکہ نہیں چاہتا کہ ہم اس کی مقرر کردہ حدود سے باہر نکلیں۔
خبر کا کوڈ : 98906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش