1
Thursday 29 Feb 2024 17:34

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ پاکستان میں نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی شدید نعرے بازی، حلف لینے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نومنتخب اراکین شامل ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر، علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی، پی ٹی آئی کے رہنماوں علی محمد خان اور شیر افضل خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ماسک لگا کر قومی اسمبلی میں احتجاج کیا۔

2۔ پاکستان کے نگران وزیرعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر پی ٹی آئی کو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی، نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انوارالحق نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے سامنے سرنڈر نہ کرنا ان کا بیانیہ ہے، اس وقت مثبت انداز میں بات ہو رہی ہے، امید ہے کہ 6 ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف سے بات ہو جائے گی۔ نگران وزیراعظم نے ایک سوال پر کہا کہ جج نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے نگراں حکومت کی کوششوں کو سراہا، عدالتوں کی عزت اور ان کے سامنے سرنڈر کرنا چاہیئے۔ انوارالحق نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اعداد و شمار غلط بتائے جاتے ہیں، بہت سارے لوگ افغان کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔

3۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنے کیلئے تیار ہے، جوبائیڈن نے ایک امریکی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں میزبان نے سوال پوچھا کہ غزہ سے خوفناک فوٹیجز منظرعام پر آرہی ہیں، کیا وہاں کے رہنے والے لوگوں کے محفوظ مستقبل کے لیے کوئی اقدامات کیے جا رہے ہیں؟ جس پر جوبائیڈن نے جواب دیا کہ سب سے پہلے تمام یرغمالیوں کو رہا کیا جانا چاہیئے، رمضان قریب ہے اور اسرائیلیوں نے اس ماہ کے دوران بمباری نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے، اس سے ہمیں یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا موقع ملے گا۔ جوبائیڈن نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے ہمیں اس سمت میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، جس کے لیے سعودی عرب، اردن، مصر سمیت دیگر ملک اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

4۔ نیوزی لینڈ نے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا، نیوزی لینڈ نے بھی دیگر مغربی ممالک کی طرح حماس کو کلی طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد حماس کے سیاسی اور عسکری بازو الگ الگ ہونے کا تصور ٹوٹ گیا۔ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکس نے حماس کے اثاثوں کو منجمد کرنے اور انھیں مادی مدد فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ حماس نے ہمیشہ اپنی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری علی الاعلان قبول کی ہے اور 7 اکتوبر 2023ء کو اسرائیل پر حملہ بھی ان میں سے ایک ہے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے 2010ء میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، تاہم حماس کے سیاسی ونگ کی حمایت جاری رکھی ہوئی تھی۔

5۔ ہزاروں فنکاروں کا اسرائیل کو اٹلی کے شہر وینس میں بین الاقوامی ثقافتی نمائش سے باہر کرنے کا مطالبہ، فن کاروں نے کہا کہ ثقافتی میلے کو نسل کشی کرنے والی ریاست کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔ دی آرٹ ناٹ جینوسائیڈ نے کہا کہ عالمی سطح کی بڑی نمائش بینالے میں دو سال قبل یوکرین میں روسی مداخلت کے بعد روسی حکومت سے منسلک افراد پر پابندی عائد کردی گئی تھی، لیکن اسرائیل کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا گیا، حالانکہ غزہ میں جنگ جاری ہے۔فنکاروں اور ثقافتی ورکرز کی عالمی تنظیم نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ملک کو نمائندگی کے لیے ثقافتی پلیٹ فارم فراہم کرنا ناقابل قبول ہے۔

6۔ اسرائیلی وزیر نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے بدلے سعودی عرب سے تعلقات قائم نہیں کرینگے، غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بدلے میں سعودی عرب سے تعلقات استوار کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے بدلے سعودی عرب سے تعلقات قائم نہیں کریں گے۔ اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ علاقائی تعلقات میں توسیع کی قیمت فلسطینی ریاست کا قیام ہے تو یہ قبول نہیں۔ ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک ریاست کے قیام کے بغیر امن معاہدہ کرنا ممکن ہے۔ اس سے پہلے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کو تیار ہے، اسرائیل کا وجود برقرار رکھنے کیلئے دو ریاستی حل ضروری ہے۔

7۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کے پونے چھ لاکھ فلسطینیوں سے قحط محض ایک قدم دور ہے، اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں تک امداد پہنچانے میں رکاوٹ بن رہا ہے، جس کی وجہ سے غزہ میں پونے چھ لاکھ افراد قحط کا شکار ہونے سے بس ایک قدم دور ہیں۔ عرب میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز غزہ میں خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی ویڈیو فوٹیجز وائرل ہوئی ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ ان نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں کتنے افراد شہید اور زخمی ہوئے تاہم اقوام متحدہ کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل بڑے منظم انداز میں امداد کو فلسطینی باشندوں تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔

 آج کی تصویری رپورٹ، جس کا عنوان ہے اسلامی جمہوریہ ایران میں پارلیمانی نمائندوں کے انتخابات کے حوالے الیکشن مہم، ووٹنگ کل بروز جمعہ کو ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1119380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش