1
Tuesday 12 Mar 2024 00:17

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ ماجد حسین جتوئی اصغریہ علم و عمل تحریک کے نئے مرکزی صدر منتخب، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا 8واں سالانہ مرکزی حسینی اصلاحی تحریک کنونشن سکرنڈ سٹی ضلع نوابشاہ سندھ میں منعقد ہوا، جس میں سندھ بھر سے کارکنان و عہدیداران سمیت سابقین اصغریہ نے بھرپور شرکت کی۔ مرکزی صدر شہزاد رضا نے افتتاحی خطاب کیا اور چیئرمین کنونشن محمد عالم ساجدی نے کنونشن سے متعلق گفتگو کی۔ اصغریہ تحریک کے چیئرمین سید حسین موسوی، سابقہ مرکزی صدر ثابت علی ساجدی، مولانا سید کاظم عباس نقوی، مولانا سجاد حسین آہیر، ڈاکٹر جواد حیدر ہاشمی، مولانا محمد اعظم قمی و دیگر نے مختلف موضوعات پر خطاب کیا۔کنونشن کے اختتام پر ماجد حسین جتوئی کو نیا میرکارواں منتخب کیا گیا۔

2۔ ماہ رمضان شروع ہوتے ہی مسلمان نیویارک ٹائمز اسکوائر پر نماز ادا کرنے کیلئے جمع، امریکا میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر درجنوں مسلمان نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے، انہوں نے غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ نیویارک میں شدید سردی اور ٹھنڈی ہوا کے باوجود مسلمانوں کی بڑی تعداد دعائیہ اجتماع کے لیے جمع ہوئی، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ اسرائیل غزہ جنگ کے بعد سے نیویارک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے درجنوں مظاہرے کیے جاچکے ہیں۔

3۔ بھوک سے نڈھال فلسطینیوں کا رمضان کا پرجوش استقبال، اسرائیلی بمباری جاری غزہ میں لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کا آج پہلا روزہ ہے جبکہ ماہ مقدس میں جنگ بندی کے ہونے کی امیدیں اسرائیلی بمباری کی گھن گھرج میں کہیں دب سی گئی ہیں، البتہ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ سیز فائر اب بھی ممکن ہے۔ رمضان کا آغاز ہوچکا ہے، لیکن اقوام متحدہ کے ادارے اونرا کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہر طرف بھوک و افلاس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں نے رمضان کا استقبال اس حال میں کیا کہ ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں اور تن کو ڈھانپنے کے لیے مناسب لباس تک نہ تھا۔ اس کے باوجود فلسطینیوں نے اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں اور بوسیدہ کیمپوں میں دیے جلائے، چراغاں کیا اور سجاوٹ کرکے اس نعمت خداوندی کا شکر ادا کیا۔

4۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کا احترام کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی جائے، ایک بیان میں انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کا امن و سلامتی پھیلانے والا ماہ مقدس رمضان شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں بھی غزہ میں بمباری، خون ریزی اور ہلاکت خیزی جاری ہے، ماہ رمضان کا احترام کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔ انتونیو گوتریس نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ غزہ میں امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں، غزہ سے فوری طور پر یرغمالیوں کی رہائی بھی کی جائے۔

5۔ روس نے کہا ہے کہ امریکا نے ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تو یہ جارحیت ہوگی، روس کی انٹیلی جنس سروس نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تیاری مکمل کرلی ہے۔روسی انٹیلی جنس سروس نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے آن لائن ووٹنگ سسٹم پر سائبر حملے کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ روس نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ممکنہ مداخلت کی کسی بھی کوشش کو جارحیت تصور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان انتخابات میں مداخلت کے الزامات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر 2016ء کے امریکی انتخابات میں  ماسکو کی دخل اندازی کا الزام عائد کیا تھا۔

6۔ تیونس کے صدر قیس سعید نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو بند کرے، تیونس کے صدر "قیس سعید" نے کہا کہ امت مسلمہ کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نسل کشی جیسے جرائم روکنے کے لئے متحد ہونا چاہیئے۔ درجنوں فلسطینی شہری دنیا کی آنکھوں کے سامنے بھوک و پیاس کی وجہ سے اپنی جان دے بیٹھے ہیں۔ اس سے غزہ کی پٹی میں صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارے فلسطین میں ایک آزاد و خود مختار ریاست کا قیام عمل میں آئے گا، جس کا دارالحکومت مشرقی قدس ہوگا اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا خاتمہ ہوگا۔

7۔ غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے والے امریکی رائٹر نے اسلام قبول کرلیا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق شان کنگ نے رمضان المبارک کے آغاز پر اپنی اہلیہ کے ساتھ اسلام قبول کیا۔ شان کنگ صحافی بھی رہ چکے ہیں اور متعدد عالمی اداروں میں کام کرچکے ہیں۔ شان کنگ گذشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل کے فلسطین پر حملے کے بعد سے مسلسل فلسطینوں کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں اور امریکا میں اسرائیل کے نہتے فلسطینوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا حصہ ہوتے ہیں۔ شان کنگ امریکا میں سیاہ فام کمیونٹی کے لیے چلائی جانے والی معروف مہم بلیک لائیوز میٹر کا بھی حصہ رہے ہیں۔ شان کنگ پادری رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنا ایک چرچ بھی قائم کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1121914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش