0
Wednesday 17 Apr 2024 19:16

یوم انہدام جنت البقیع پر کراچی میں آئی ایس او طالبات کا احتجاج، مزارات کی ازسر نو تعمیر کا مطالبہ

یوم انہدام جنت البقیع پر کراچی میں آئی ایس او طالبات کا احتجاج، مزارات کی ازسر نو تعمیر کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ طالبات کی جانب سے 8 شوال یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج میں موجود شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس پر جنت البقیع اورجنت المعلیٰ میں روضہ دختر رسولﷺ حضرت فاطمہ زہراؑ، امام حسن مجتبیؑ، آئمہ اہل بیتؑ، ازواج مطہراتؓ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی از سر نو تعمیر کے حق میں اور آل سعود کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی ایس او پاکستان طالبات کراچی ڈویژن کا کہنا تھا کہ 8 شوال تاریخ اسلام میں سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے کہ جس روز سعودی عرب کے بادشاہ نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں موجود پیغمبران خدا، صحابہ کرام ؓ کے ساتھ دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، امام حسنؑ اور دیگر اولاد رسولؐ سمیت، آئمہ اہل بیتؑ، ازواج مطہراتؓ اور صحابہ کرام ؓ کی قبور کو مسمار کیا، انہدام جنت البقیع صدر اسلام کی شخصیات کی نشانیاں مٹانے کی ایک سازش ہے تاکہ تاریخ میں رد و بدل کرکے تاریخ کو مسخ کیا جا سکے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس کی از سر نو تعمیر کے معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھایا جائے، پاکستان کے مسلمانوں کی درینہ خواہش ہے کہ جناب فاطمہ زہرا (س) اور دیگر آل رسولؑ کے مزارات کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ آل سعود نے جنت البقیع و جنت المعلیٰ میں پیغمبران خدا و صدر اسلام کی شخصیات کی قبور کو مسمار کرکے اپنی اسلام دشمنی کو واضح کردیا ہے، سرزمین حجاز میں رقص اور سرور کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں، سرعام شراب خانے کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن آج بھی دختر رسولﷺ کی قبر کی زیارت کرنے پر پابندی عائد ہے۔ احتجاج کے دیگر مقررین میں معروف مذہبی اسکالر مفتی شہریار داؤد، معروف عالم دین و رہنماء ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان مولانا صادق رضا تقوی اور معروف مذہبی اسکالر عظمیٰ زیدی شامل تھیں۔
خبر کا کوڈ : 1129259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش