0
Saturday 20 Apr 2024 20:02

بی جے پی کی حکومت جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قانون بنا رہی ہے، پرینکا گاندھی

بی جے پی کی حکومت جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قانون بنا رہی ہے، پرینکا گاندھی
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخاب کے پیش نظر پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو چکی ہے اور اب دوسرے مرحلے کے لئے 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران زور و شور کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ کانگریس کے بڑے لیڈران بھی ملک کی مختلف ریاستوں میں ریلیاں، روڈ شوز اور انتخابی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج کیرالہ میں ہیں جہاں چلاکوڈی پارلیمانی سیٹ پر کانگریس امیدوار بینی بیہنن کی حمایت میں انہوں نے انتخابی مہم چلائی۔ اس دوران انہوں نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ چلاکوڈی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ کچھ لوگ نئے ہندوستان کی تعمیر سے متعلق بات کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اس نئے ہندوستان میں کیا ہوگا، وہ سبھی سمجھ رہے ہیں۔

بی جے پی کے نئے ہندوستان کا حال یہ ہے کہ ریاست منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ کرائی جاتی ہے اور حکومت اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی، عصمت دری کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ اولمپک تمغہ جیتنے والی خاتون کھلاڑی گڑگڑاتی ہیں لیکن ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کا وزیر اعظم دفاع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جو پالیسیاں بناتے ہیں، وہ اپنے اجارہ دار دوستوں کے لئے بناتے ہیں۔ عوامی اثاثے وزیراعظم اپنے ارب پتی دوستوں کے حوالے کر رہے ہیں۔ کسان خودکشی کے لئے مجبور ہیں۔ شرح بے روزگاری 45 سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ یہ ہے نیا ہندوستان، جسے آج ہم قبول کر رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کی کارگزاریوں اور پالیسیوں کو عوام مخالف قرار دینے کے ساتھ ساتھ اس حکومت کو ملک مخالف بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جمہوری طریقہ کار کو درکنار کر قانون بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ نئے قانون بنانے کے لئے جمہوریت کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش