0
Wednesday 2 Apr 2014 21:21

حکومت غریب عوام اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، علامہ عارف واحدی

حکومت غریب عوام اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 10 ارب سے تجاوز ہونے کے باوجود بھی موجودہ جمہوری حکومت روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے غریب عوام جسے عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹور پر جو تھوڑا سا ریلیف ملتا تھا حکومت نے غریب عوام سے وہ سہولت بھی چھین لی اور چینی، آٹا و دیگر سامان کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کرایہ جات میں کوئی کمی نہیں کی گئی اور ٹرانسپورٹر عوام سے اپنی مرضی سے زائد کرائے وصول کر رہے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت غریب عوام اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے امیر کی دولت میں روز بروز اضافہ اور غریب عوام روز بروز غریب ہوتا جا رہا ہے اور ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور تمام ٹیکسوں کا بوجھ بھی غریب عوام اور ملازمت پیشہ طبقہ برداشت کر رہا ہے، حتٰی کہ بجلی، سوئی گیس، پانی کے بلوں میں اتنا اضافہ ہوچکا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کا حصول اور روز مرہ ضروریات زندگی ان کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، حقائق یہ ہیں کہ اس مہنگائی کے دور میں عوام یوٹیلیٹی بل ادا کرے یا بچوں کی تعلیم، صحت، و دیگر اخراجات پورے کرے۔ دوسری جانب حکومت کے بلند و بالا دعوے اور وزیر خزانہ کی جانب سے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان حکمرانوں کی نااہلی اور دوہری پالیسی کی دلیل ہے۔ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں نے عوام کو مسائل اور مہنگائی کے دلدل میں دھکیل کر خود عیش و عشرت کی زندگی گذار رہے ہیں اور مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کا جینا مشکل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرتے ہوئے روزمرہ اشیاء سمیت بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 368403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش