0
Thursday 3 Apr 2014 11:47

افغانستان، وزارت داخلہ کے دفتر پر خودکش حملہ، 6 ہلاک

افغانستان، وزارت داخلہ کے دفتر پر خودکش حملہ، 6 ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغان دارالحکومت کے مرکز میں قائم وزارت داخلہ کے سامنے خودکش حملے میں حملہ آور سمیت کم از کم 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ وزارت کی طرف سے سامنے آنے والے فوری بیان کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور نے وزارت داخلہ کے مرکزی دروازے کے سامنے آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ وزارت کے ترجمان صادق صدیقی نے بتایا کہ حملہ آور نے چند پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا، دھماکے سے 6 پولیس اہلکار ہوئے، حملہ آور کیلیے خودکش جیکٹ کے ساتھ وزارت کی عمارت میں داخل ہونا ممکن نہیں تھا۔ 

دریں اثنا طالبان نے ایک ای میل میں حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہاکہ خودکش حملہ آور نے وزارت داخلہ کی عمارت کے اندر سکیورٹی کے 3 مراحل عبور کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑایا۔ ادھر مشرقی صوبے کنڑ میں امریکی ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک اور 10زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک عورت بھی شامل ہے۔ مقامی سکیورٹی ذرائع نے کہاکہ ہلاک ہونے والے طالبان جنگجو گروپ کے ارکان ہیں۔ 

دوسری طرف برسلز میں نیٹو وزرا کانفرنس کے بعد نیٹو سربراہ نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کی جانب سے روس کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے کے بعد افغانستان سے متعلق نیٹو، روس تعاون کے منصوبے بھی معطل ہو گئے، ان میں افغانستان سے فوجی انخلا کے حوالے سے روس کے راستے کارگو ٹرانزٹ، افغان ڈرگ پولیس کی تربیت اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے منصوبے شامل ہیں۔ 

روس کے ساتھ تعاون معطل ہونے بعد اب افغانستان میں نیٹو فورسز سپلائی جاری رکھنے کیلئے متبادل شمالی روٹ استعمال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ نیٹو کو افغانستان میں ہیلی کاپٹروں کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے بھی متبادل انتظام کرنا پڑے گا۔ ادھر روس نے واضح کیاکہ نیٹو کے ساتھ تعاون معطل کرنا کسی کے فائدے میں نہیں تاہم روس کی سکیورٹی پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 368528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش