0
Wednesday 1 Oct 2014 18:50

وزیراعظم کے استعفیٰ کے بغیر دھرنا نہیں چھوڑیں گے، بشارت جسپال

وزیراعظم کے استعفیٰ کے بغیر دھرنا نہیں چھوڑیں گے، بشارت جسپال
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کے خلاف بغاوت پر اتر آئے ہیں اور ان کے وفاقی اور صوبائی وزرا کو گو نواز گو جیسے نعروں کا سامناکرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں منہ چھپانے کے لئے جگہ نہیں مل رہی، یہی انقلاب ہے جس کا شعور ڈاکٹر طاہرالقادری نے دیا ہے کہ عوام ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد سے ٹیلی فون پر لاہور کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ دھرنا دینے والے پر عزم ہیں کہ وہ وزیر اعظم کے استعفے کے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنا ہر صورت جاری رہے گا جبکہ دوسرے بڑے شہروں میں جلسے کرنے سے انقلابی تحریک میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں نے عوام کو زبان دے دی ہے، اب کوئی وی آئی پی کلچر چلنے دیں گے اور نہ ہی حکمرانوں کو من مانی کرنے دیں گے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے، اب تو پیپلز پارٹی نے بھی پینترے بدلنا شروع کر دیئے ہیں اور مڈٹرم انتخابات کے مطالبے پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون رانا مشہود احمد خان کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے، مگر ڈھٹائی اور ہوس اقتدار اتنی زیادہ ہے کہ وزیراعلٰی سمیت تمام کرپٹ وزرا اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی محنت نے عوام کو سیاسی شعور دیا ہے کہ آج ان کا ایجنڈا پوری قوم کا ایجنڈا بن چکا ہے، انقلاب ضرور آئے گا، قاتل حکمرانوں کو کامیابی نہیں ہو گی، مسلم لیگ ن کی حکومت کو اب کوئی نہیں بچا سکتا، حکمرانوں کو بوریا بستر لپیٹنا ہی ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 412711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش