0
Saturday 26 Feb 2011 17:32

ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، مولانا محمد خان شیرانی

ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، مولانا محمد خان شیرانی
کوئٹہ: اسلام ٹائمز۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی مجلس عاملہ و پارلیمانی گروپ کا مشترکہ اجلاس بلوچستان میں صوبائی سیکرٹریٹ، چمن ہاﺅسنگ کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی تنظیمی سرگرمیوں پر غور و خوض کے ساتھ ملک بالخصوص بلوچستان کے امن وامان کی مخدوش صورتحال پر تفصیلی بحث و مباحثہ ہوا۔ مولانا محمد خان شیرانی نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ بلوچستان میں عرصہ دراز سے امن وامان کا مسئلہ ہے۔ آئے روز قتل، اغواء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ، رہزنی اور ماورائے قانون وعدالت قتل کے واقعات ہورہے ہیں۔ اسی امن وامان کے مسئلے کی وجہ سے عوام اور ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ طاقتور ہر طرف سے محفوظ، محلوں میں اور چھاﺅنیوں میں عسکری نرغے میں عیش و عشرت کی زندگی کا لطف اٹھا رہے ہیں جبکہ غریب زندگی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ اجنبی، بیرونی قوتیں اور اپنے سب ہمیں مار رہے ہیں۔ دشمن ہمیں اور ہمارے عوام کو قتل کر رہے ہیں۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے اپنے ادارے اور طاقتور طبقے ہمیں اور عوام کو مارنے پر یا تو ڈالر وصول کر رہے ہیں یا پھرخاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ مسخ شدہ لاشیں، گیس پائپ لائن اور بجلی کے کھمبوں کا دھماکوں سے اڑانا، سب ایک ہی قوت کر رہی ہے، یا کرنے والوں کو اسی قوت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اپنے خطے اور خطے میں رہنے والوں سے محبت ہے تو ایک ہی ایجنڈے یعنی امن وامان پر متحد ہونا ہو گا۔ اور اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مساجد سے نکلنا ہو گا اور بلوچستان اور یہاں کے رہنے والوں کے ساتھ محبت کا ثبوت دینا ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بلوچستان کے امن وامان کے حوالے سے مارچ کے اوائل میں ضروری لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 56386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش