0
Wednesday 29 Oct 2014 20:51

کوئٹہ میں امن و امان کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، علامہ مختار امامی

کوئٹہ میں امن و امان کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، علامہ مختار امامی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد رضا سے مجلس وحدت مسلمین کے دفتر میں ملاقات کی۔ جس میں بلوچستان کے سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سید محمد رضا نے انہیں کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہا اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال سمیت محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوس عزاء کی سکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علامہ مختار امامی نے ہزار گنجی کے حالیہ واقعے پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور اسے حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح معصوم اور بےگناہ سبزی فروشوں کو سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت اور قانوں نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کُن کاروائی کرتے ہوئے اُن کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرے۔ اس حوالے سے عوام میں موجود امن پسند اور جمہوریت پسند قوتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ امن و امان کی خراب صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور شیعہ، سُنی بھائیوں کو ایک ساتھ ملا رہی ہے تاکہ انتہاء پسند عناصر کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے آزاد کیا جاسکے۔ علامہ مختار امامی نے کوئٹہ ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور اُن کو تاکید کی کہ وہ پارٹی کا امن اور بھائی چارے پر مبنی پیغام گھر گھر پہنچائے۔ علاقے میں موجود اہلسنُت بھائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرتے ہوئے ایسے اتحاد کی فضا کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ انتہا پسند عناصر کو موقع نہ ملے کہ وہ لوگوں کے درمیان نفرتوں کی دیوار کھڑی کرسکے۔
خبر کا کوڈ : 417132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش