0
Thursday 23 Oct 2014 18:29

کوئٹہ، فضل الرحمان پر مبینہ خودکُش حملہ ناکام، دو افراد ہلاک

کوئٹہ، فضل الرحمان پر مبینہ خودکُش حملہ ناکام، دو افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام(ف) پر خودکُش حملے کی کوشش ناکام ہو گئی تاہم ان کے جلسہ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ میں جے یو آئی ف کے زیر اہتمام مفتی محمود کانفرنس ہو رہی تھی اور کانفرنس کے اختتام پر جلسہ گاہ کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور اس کی آواز دور دور تک سنی سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں اب تک کم از کم دو افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے چار افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر تعداد جمعیت علمائے اسلام(ف) کے کارکنوں کی ہے۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والے دو افراد میں سے ایک کی لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے سے قبل جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جلسہ گاہ سے روانہ ہو چکے تھے اور دھماکا ان کا قافلہ گزرنے کے بعد ہوا۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دھماکے سے محفوظ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی اور ہر طرف افرا تفریح پھیل گئی۔ مولانا فضل الرحمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خودکُش دھماکا تھا جس میں میری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے میری گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی بم پروف ہونے کی بدولت وہ اور ان کے محافظ حملے میں محفوظ رہے اور اس وقت اپنی جماعت کے ایک عہدیدار کے گھر پر موجود ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مولانا فضل ارحمان پر کیے جانے والے مبینہ خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ آج کوئٹہ میں پیش آنے والا تیسرا ناخوشگوار واقع ہے۔ اس سے قبل آج صبح کوئٹہ کے مضافاتی علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک دھماکے کے نیتجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 416135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش