0
Tuesday 27 Sep 2022 21:52

غاصب اسرائیل سے کاروبار

غاصب اسرائیل سے کاروبار
تحریر: ڈاکٹر راشد عباس نقوی

ایک ایسے وقت جب شہادت پسندانہ کارروائیاں صیہونیوں کے درمیان خوف و ہراس پیدا ہونے کا سبب بنی ہیں، جس کی بنا پر اسرائیلی پولیس اور فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے، پچھلے ہفتے مغربی ایشیاء کے علاقے میں رونماء ہونے والا ایک واقعہ، دفاعی فضائی سسٹم اسپائڈر متحدہ عرب امارات کو فروخت کرنے کے لئے غاصب اسرائیلی حکومت کی رضامندی ہے۔ خبری ذرائع نے جمعرات کی رات کو رپورٹ دی کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے رافائل کمپنی کا تیار کردہ دفاعی فضائی سسٹم اسپائڈر متحدہ عرب امارات کو بیچنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اسپائڈر ایک دفاعی فضائی سسٹم ہے، جو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ڈربی Derby اور پائیتھون Python سے لیس ہے۔ رافائل کمپنی کا یہ سسٹم متعدد فضائی خطرات کو روکنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد کے دورۂ تل ابیب کے دوران متحدہ عرب امارات کو یہ سسٹم بیچنے کے بارے میں سمجھوتہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد ابراہم سمجھوتے پر دستخط کی دوسری سالگرہ کی مناسبت سے 14 ستمبر کو تل ابیب پہنچے تھے اور وہاں انہوں نے غاصب اسرائیلی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔ متحدہ عرب امارات کو دفاعی فضائی سسٹم اسپائڈر بیچنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اقتصاد پر صیہونی حکومت کی نظر ہے اور مغربی ممالک کی طرح وہ بھی متحدہ عرب امارات کے پیٹرو ڈالر کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔

علاوہ ازیں، اسرائیل متحدہ عرب امارات میں اپنے سکیورٹی اور خفیہ اطلاعاتی اثر و رسوخ میں اضافہ کرنے کے درپے ہے اور دفاعی سسٹم اسپائڈر کی فروخت بھی اسی سلسلے میں قابل غور ہے۔ متحدہ عرب امارات ایسے حالات میں غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے رہا ہے کہ اسرائیل کو داخلی طور پر سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے اور کابینہ بتدریج زوال کا شکار ہے۔

بہرحال شہادت پسندانہ کارروائیوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونیوں کے مقابل فلسطینیوں کی استقامت کا جغرافیائی دائرہ وسیع تر ہوگیا ہے۔ اب سے پہلے تک صرف جنوبی مقبوضہ علاقوں اور غزہ میں صیہونیوں اور فلسطینیوں میں جھڑپیں ہوتی تھیں، لیکن اب فلسطین کے مشرق میں واقع غرب اردن کے نوجوانوں کے مسلح ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ صیہونیوں کے خلاف کمین گاہ میں تبدیل ہوگیا ہے اور صیہونیوں کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے۔ قابل غور نکتہ یہ ہے کہ صیہونیوں کے خلاف فلسطینی تحریک روز بروز مضبوط ہو رہی ہے اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک فوجی سودے کرکے اسکو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1016457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش