0
Sunday 25 Feb 2024 16:56

تخت پنجاب، کون کب حکمران رہا؟

تخت پنجاب، کون کب حکمران رہا؟
رپورٹ: ٹی ایچ شہزاد
 
 قیام پاکستان سے لے کر اب تک صوبہ پنجاب پر 29 افراد نے حکمرانی کی، کئی نامور سیاسی شخصیات وزیراعلیٰ پنجاب بنیں جبکہ کئی ایک نے بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب فرائض سرانجام دیئے۔ اب مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن کر نئی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہیں۔ پاکستان معرض وجود میں آیا تو پنجاب کے پہلے وزیراعلیٰ کا سہرا افتخار حسین ممدوٹ کے سر سجا، وہ 15 اگست 1947ء سے 25 جنوری 1949ء تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے۔ میاں ممتاز دولتانہ دوسرے، فیروز خان نون تیسرے، جبکہ سردار عبدالحمید دستی چوتھے وزیراعلیٰ پنجاب تھے۔

ڈاکٹر خان، سردار عبدالرشید خان، نواب مظفر علی قزلباش اور شیخ مسعود صادق بھی وزیراعلیٰ پنجاب بنے۔ خان حبیب اللہ خان، ملک خدا بخش بُچہ کے بعد ملک معراج خالد اور غلام مصطفیٰ کھر نے بھی پنجاب کے تخت پر حکمرانی کی۔ محمد حنیف رامے اور نواب صادق حسین قریشی کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا موقع ملا۔ محمد نواز شریف نے 1985ء میں پنجاب کے 15ویں وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ دو مرتبہ اس عہدہ پر فائز رہے۔ نواز شریف کے بعد غلام حیدر وائیں لگ بھگ 3 سال تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے۔ غلام حیدر وائیں کے بعد میاں منظور وٹو دو مرتبہ وزیراعلیٰ بنے، اس دوران شیخ منظور الہیٰ نے بطور نگران وزیراعلیٰ فرائض نبھائے۔
 
منظور وٹو کے بعد سردار محمد عارف نکئی 18ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جبکہ میاں افضل حیات نگران وزیراعلیٰ تھے، جن کے بعد 1997ء سے 1999ء تک شہباز شریف سی ایم پنجاب بنے۔ پرویز مشرف کے دور میں سال 2002ء میں چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ بنے، جسٹس ریٹائرڈ اعجاز نثار نے نگران وزیراعلیٰ کی ڈیوٹی نبھائی اور پھر عارضی طور پر دوست محمد کھوسہ وزیراعلیٰ بنے۔ دوست محمد کھوسہ کے بعد شہباز شریف وزیراعلیٰ بنے، جن کے بعد نگران سی ایم نجم سیٹھی کو بنایا گیا، 2013ء سے 2018ء تک شہباز شریف پھر اس عہدے پر فائز ہوئے۔ شہباز شریف کو 3 بار وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ 12 برس سے زائد عرصہ تک سی ایم رہے۔

نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری رضوی 72 روز تک چیف منسٹر پنجاب رہے۔ ان کے بعد 2018ء سے 2022ء تک سردار عثمان بزدار کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کا منصب عطا ہوا۔ عثمان بزدار کے بعد حمزہ شہباز کو 87 روز کیلئے وزارت اعلیٰ ملی۔ پرویز الٰہی کو پھر موقع ملا اور وہ 22 جنوری 2023ء تک 179 روز کیلئے وزیراعلیٰ رہے۔ محسن نقوی نے نگران وزیراعلیٰ کے طور پر 13 ماہ کا عرصہ گزارا۔ محسن نقوی نے اس دوران اس قدر تیزی سے کام کیا کہ محسن سپیڈ کے نام سے مشہور ہوئے۔ 12 کروڑ سے زائد عوام کے صوبہ پنجاب پر حکمرانی ایک خواب سے کم نہیں، تاہم چیلنجز اتنے ہیں کہ نئی وزیراعلیٰ کو ان سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1118464
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش