0
Wednesday 24 Apr 2024 12:38

پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یو اے ای قونصل جنرل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی نوید سنا دی

پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یو اے ای قونصل جنرل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی نوید سنا دی
خصوصی رپورٹ

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتھی نے پاکستان میں مزید سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی نوید سنادی۔ پورٹس پر سرمایہ کاری کے علاوہ ریلوے، انفرااسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ کراچی گیٹ وے ٹرمینل (کے جی ٹی ایل) کی جانب سے کراچی پورٹ کو معاہدے کے تحت 50 ملین ڈالرز کی ادائیگی کرنے کی تقریب میں وفاقی وزیر پورٹ وشپنگ قیصر احمدشیخ کے ہمراہ خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتھی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے اور یو اے ای سرمایہ کار پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جس میں پورٹ اینڈ شپنگ سمیت ریلوے اور دیگر انفراسٹرکچر شامل ہے۔

بخیت عتیق الرومیتھی نے کہا کہ 17 لاکھ پاکستانی دبئی میں رہ رہے ہیں، پاکستان ہائی پوٹینشل انویسٹمنٹ کیلئے بہت اچھا ملک ہے، ہم یہاں پر آپ کے ملک کے نیشنل انٹرسٹ کیلئے موجود ہیں، جو لوگ سوال کرتے ہیں تو جب کام کا نتیجہ دیکھیں گے تو انہیں جواب مل جائیگا۔ قونصل جنرل امارات نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کو فوکس کرنا چاہیئے، اقتصادی حالات میں بہت تبدیلی نظر آئے گی، کراچی گیٹ وے ٹرمینل کے ذریعے برآمدات کے معاملات بہتر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں پاکستانیوں خوش آمدید کہتے رہیں گے، یو اے ای کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیگا، میں خود 24 سال سے کراچی میں مقیم ہوں، ہمارا پاکستان کیساتھ آج سے نہیں 50 سال پرانا تعلق ہے۔

بخیت عتیق الرومیتھی نے کہا کہ پاکستانی لوگ خوش اخلاق لوگ ہیں، یو اے ای پاکستان کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، کراچی میں سب کچھ یہاں اچھا ہے، کراچی میں ڈیولپمنٹ ہوئی ہے لیکن بہت کچھ ہونا چاہیئے، پاکستان کے اقتصادی حالات کے لئے سب مل جل کام کریں گے لیکن آپ سب اپنے قومی مفاد کے لئے کام کریں اور جو لوگ سرمایہ کاری یہاں کررہے ہیں انہیں سپورٹ کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ کراچی بندرگاہ پاکستان کی سب سے پرانی پورٹ ہے اور خطے میں لیڈ کرسکتا ہے، پڑوسی ممالک بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس پورٹ سے ری ایکسپورٹ کے ذریعہ بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ قیصر شیخ نے کہا کہ خطے میں جن ملکوں نے ترقی کی ہے اس میں براہ راست سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ہے، پاکستان میں بہت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہی ملک کو ترقی دے گی، اے ڈی پورٹ اور کے جی ٹی ایل کا جوائنٹ وینچر سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم مزید دیگر ممالک کیساتھ جوائنٹ وینچر کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے کہا کہ و اے ای کی سرمایہ کاری پاکستان پر اعتماد ہے، پارٹنر شپ میں دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جاتا ہے، ہماری بات چیت جاری رہے گی۔ کراچی گیٹ معائدے میں 220 ملین ڈالرز کی بڑی سرمایہ کاری کرینگے جبکہ 130 ملین ڈالرز کنڈیشن معاہدے کے تحت ادا کرینگے، اس کا ریگولیٹر جلد ہی لے آئیں گے۔

وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے مزید کہا کہ پاکستان میں بریک تھرو ہورہا ہے، ملک کو آگے بڑھنے دیں، ریلوے، انفرااسٹرکچر اور دیگر سیکٹر میں بھی یو اے ای کی سرمایہ کاری ہورہی ہے، کسی ملازم کو فارغ نہیں کریں گے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ ترقی ہمارے خطے میں ہورہی ہے، چین، بنگلہ دیش، بھارت اور مشرق وسطیٰ اس کی مثال ہیں، امریکہ اور یورپ میں ترقی سست روی کا شکار ہے، چین اور ہمارے خطے میں ترقی کی رفتار 8 فیصد سے بھی زائد ہے، پاکستان کی ترقی کی رفتار کم ہے تاہم پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، پچھلے نو دس ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین ایکسچینج بنی اور اس کی وجہ ہے کہ ہمارے بارڈرز کی سیکیورٹی میں بہتری آئی۔

سی ای او فجیرہ ٹرمینلز، اے ڈی پورٹس گروپ عبد العزیز البلوشی نے کہا کہ ہم پاکستان میں اپنا دائرہ کار وسیع کررہے ہیں، سرمایہ کاری اور سپلائی چین کے حوالے سے پیشرفت ہوگی، کراچی پورٹ پاکستان کا مستقبل ہے، خطے میں پاکستان ہماری ترجیحی فہرست میں شامل ہے۔ تقریب سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر موتی والا نے بھی خطاب کیا جبکہ سیکریٹری پورٹس وشپنگ ارم انجم خان، خرم عزیز خان، صدر کراچی چیمبر افتخار شیخ بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1130735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش