0
Saturday 27 Jun 2015 18:41

سندھ پولیس کے افسران کا جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث ہونیکا انکشاف

سندھ پولیس کے افسران کا جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث ہونیکا انکشاف
رپورٹ: ایس جعفری

سندھ پولیس میں موجود افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد کے جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایسے پولیس افسران و اہلکاروں کی جانچ پڑتال کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے کراچی میں کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حتمی رپورٹ مکمل کرکے اعلٰی حکام کو ارسال کر دی ہے۔ مذکورہ فہرست میں کراچی رینج کے تینوں اضلاع میں تعینات افسران و اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر فہرست میں شامل بیشتر افسران و اہلکار کراچی کے تھانوں اور کراچی پولیس کے تحت چلنے والے مختلف سیلز میں تعینات ہیں، جبکہ گذشتہ دنوں جرائم میں ملوث ہونے پر 13 تھانوں کے انٹیلیجنس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ پشاور آرمی پبلک اسکول کے بعد 24 دسمبر کو تشکیل پانے والے نیشنل ایکشن پلان کو 6 ماہ مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کراچی میں ایک طرف نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن تیزی سے جاری ہے، اور شہر میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں نہ صرف کمی دیکھنے میں آئی ہے، بلکہ بڑی تعداد میں دہشتگرد اور جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے، لیکن دوسری طرف کراچی آپریشن میں رینجرز کے ساتھ شریک سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حوالے سے سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث افسران و اہلکاروں کی جانچ پڑتال اور انکے کوائف جمع کرنے والی ٹیم نے اپنی حتمی رپورٹ مکمل کرکے اعلٰی افسران کو ارسال کر دی ہے۔ سندھ پولیس کے ذرائع کے مطابق رپورٹ کراچی رینج کے تینوں اضلاع میں آنے والے تھانوں، ہیڈ کوارٹر میں تعینات افسران و اہلکار، کراچی پولیس کے تحت چلنے والے سیلز میں شامل افسران و اہلکاروں کے نام شامل ہیں، اور انکی جرائم پیشہ افراد سے وابستگی، انکے خلاف درج مقدمات اور انکی سروس کے دوران ان کو دی جانے والی سزاﺅں سے متعلق معلومات دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں ضلع ایسٹ کے تھانوں اور ہیڈ کوارٹر میں تعینات 89 انسپکٹر اور سب انسپکٹر، 43 اے ایس آئی اور 119 پولیس اہلکار شامل ہیں، جن میں ایک خاتون تھانیدار کا بھی نام شامل ہے، جن کے جرائم پیشہ افراد سے مراسم یا تنخواہوں کے علاوہ دیگر طریقوں سے ذریعہ معاش کمانے میں ملوث ہیں۔ ضلع ساﺅتھ کے تھانوں اور ہیڈ کوارٹر میں تعینات 31 انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز شامل ہیں، جبکہ 28 اے ایس آئی اور 182 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔ ضلع ویسٹ کے تھانوں اور ہیڈ کوارٹر میں تعینات 29 انسپکٹر اور سب انسپکٹرز، 12 اے ایس آئی اور 55 اہلکار شامل ہیں۔ اسی طرح کراچی پولیس رینج کے مختلف سیلز جن میں اے وی سی سی، اے سی ایل سی، ایس آئی سمیت دیگر سیلز میں تعینات 67 افسران و اہلکار شامل ہیں، جبکہ فہرست میں محافظ فورس میں تعینات 27 افسران و اہلکار بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ افراد اس وقت حاضر سروس ہیں، اور بیشتر افسران و اہلکار آپریشن اور انویسٹی گیشن کی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔

مذکورہ افسران و اہلکاروں کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ میں مقدمات بھی درج ہیں، جبکہ ان افسران و اہلکاروں کے خلاف رپورٹ میں یہ بتایا گیا کہ کن افسران و اہلکاروں کے لینڈ مافیا، منشیات فروش اور دیگر جرائم پیشہ افراد سے مراسم ہیں، اور انکی مبینہ سرپرستی کرکے وہ بھاری رقوم حاصل کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے 13 اہلکاروں کو معطل کیا ہے، جن کی جانب سے جرائم کی شرح کے حوالے سے صحیح رپورٹ پیش نہ کرنا اور مبینہ طور پر جرائم میں بھی ملوث پایا جانا ہے، جن کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مذکورہ فہرست میں پولیس اہلکاروں سے لیکر انسپکٹر رینک تک کے افسران کے نام شامل ہیں، اور ان سے اوپر رینک کے افسران کی فہرستیں بھی تقریباً مکمل ہوچکی ہیں، جبکہ کراچی کے علاوہ اندرون سندھ تعینات افسران و اہلکاروں کی فہرستیں بھی جلد اعلٰی حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردی کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو کامیاب بنانے، اور اہداف کے حصول کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور جرائم میں ملوث سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل لائی جاتی ہے یا نہیں، کیونکہ پیپلز پارٹی اور اسکی سندھ حکومت پر الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ وہ سندھ رینجرز کی جانب سے دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ کرپشن میں ملوث صوبائی حکومت کے اعلٰی افسران کیخلاف کارروائیوں سے نالاں ہے، اور رینجرز کو واپس بیرکوں میں بھیجنے کے درپے ہے۔
خبر کا کوڈ : 469688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش