0
Thursday 14 Jan 2016 13:41

لاہور، عسکری ٹین میں کیپٹن پر دہشتگردانہ حملہ مشکوک صورت اختیار کر گیا

لاہور، عسکری ٹین میں کیپٹن پر دہشتگردانہ حملہ مشکوک صورت اختیار کر گیا
لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

لاہور کے انتہائی محفوظ علاقے "عسکری ٹین" میں کیپٹن سعد پر دہشتگردوں کے مبینہ حملے کا واقعہ پُراسرار صورت اختیار کر گیا ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق کیپٹن سعد پر دہشتگردوں کی فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ کے مبینہ حملے کے حوالے سے مختلف شواہد کے مطابق کسی شخص یا سوسائٹی کے گارڈ نے حملہ آوروں کو سوسائٹی کے اندر آتے یا باہر جاتے نہیں دیکھا۔ تحقیقات کرنے والے اداروں نے تمام سی سی ٹی وی کیمروں اور سکیورٹی اہلکاروں کو چیک کر لیا ہے، لیکن کوئی ثبوت نہیں ملا کہ باہر سے کوئی حملہ آور اندر داخل ہوا ہو یا حملے کے بعد باہر گیا ہو۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن سعد کے گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق معاملے کو حساس ادارے دیکھ رہے ہیں اور کیپٹن سعد کے گھر سے برآمد ہونیوالا اسلحہ بھی حساس اداروں نے قبضے میں لے لیا ہے۔ زخمی کیپٹن سعد انتہائی سخت سکیورٹی میں زیر علاج ہیں۔

تحقیقات کرنے والے اداروں کی جانب سے یہ شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیپٹن سعد کے گھر میں موجود ہینڈ گرنیڈ پھٹ گیا ہوگا اور اُس نے قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے واقعہ کو دہشتگردی کا رنگ دیدیا ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے اس پہلو پر تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیپٹن سعد کہیں دہشتگردوں کے سہولت کار تو نہیں، کیونکہ حساس علاقے سے اتنی زیادہ مقدار میں اسلحہ کا ملنا تشویشناک امر ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور سے دہشتگردوں کے سہولت کار 3 طلباء عثمان سرور، سعد مغل اور کاشف سمیت سرچ آپریشن کے دوران 29 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ شہر میں سرچ آپریشن دہشتگردوں کے شہر میں داخلے کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا اور لاہور پولیس مکمل طور پر چوکس ہے، دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 512457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش