0
Friday 29 Sep 2017 18:43

کراچی، یوم عاشور کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کے سکیورٹی اقدامات میں تیزی

کراچی، یوم عاشور کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کے سکیورٹی اقدامات میں تیزی
رپورٹ: ایس جعفری

شہر قائد میں عاشورا کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی حساس اداروں کے ساتھ مل کر چھاپہ مار کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنانے کیلئے شہر بھر میں مشکوک افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی گزرگاہ کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، تجارتی مرکز صدر سمیت مرکزی جلوس کی گزرگاہ کے پر واقع مارکیٹوں اور ہوٹلوں میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشنز کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے سچل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کیا ہے، جو محرم الحرام میں بڑی دہشتگردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی اداروں کو خدشہ ہے کہ کراچی میں یوم عاشور پر دہشتگردی کا منصوبہ بنانے والے دہشتگرد ہوٹلوں اور سرائے خانوں میں قیام پذیر ہو سکتے ہیں، اس حوالے سے تجارتی مرکز صدر سمیت مرکزی جلوس کی گزرگاہ کے پر واقع مارکیٹوں اور ہوٹلوں میں گزشتہ کئی روز سے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری سرچ آپریشنز کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس دوران ہوٹلوں اور سرائے خانوں میں مقیم افراد کے کوائف کی چیکنگ اور کمروں کی تلاشی بھی لی جاتی ہے۔ اس دوران ہوٹلوں اور سرائے خانوں میں سرچ آپریشن کے دوران چند مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا، جنہیں پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔

جلوس کی گزرگاہوں کے قریب واقع پریڈی تھانے کی حدود میں درجن بھر سے زائد ہوٹلوں کی تلاشی خصوصی طور پر لی گئی اور وہاں ٹھہرے ہوئے مسافروں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ انٹیلی جنس اہلکار بھی الرٹ ہیں، عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ مشکوک افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق سرچنگ اور چیکنگ محرم الحرام میں مرکزی جلوسوں سمیت شہر بھر میں ہونے والی مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے کی جا رہی ہے، جو کہ 10 محرم الحرام روز عاشور کی رات تک جاری رہے گی۔ پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر واقع دکانوں کو تین دن کیلئے سیل کر دیا گیا ہے اور داخلی و خارجی راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیئے جائیں گے۔ دوسری طرف صدر کے علاقے میں واقع مارکیٹوں کے دکانداروں نے ازخود آٹھ تا دس محرم اپنی دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعطیلات کے ایام میں مارکیٹوں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں، کیونکہ ماضی میں ان تعطیلات کے دوران چوروں اور ڈکیت گروپوں کی جانب سے مارکیٹوں کے تالے توڑ کر سامان لوٹے جانے کی وارداتیں ہوئی ہیں، اس بار اس طرح کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

دوسری جانب یوم عاشور کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران اتحاد ٹاﺅن، غریب نواز کالونی، گلشن غازی سمیت شہر کے کئی علاقوں میں پولیس نے دہشتگرد اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا اور آپریشن شروع کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں اور گھروں میں تلاشی کے دوران 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ان افراد کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر سچل کے علاقے میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی، جس میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، تین خودکش جیکٹس اور بارودی مواد برآمد ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کراچی میں محرم الحرام خصوصاً عاشورا کے موقع پر بڑی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کراچی میں آٹھ تا دس محرم موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ کراچی میں آٹھ محرم کو صبح دس سے رات دس بجے تک، نو اور دس محرم کو صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے بھی پولیس اور رینجرز کے بیک اپ کیلئے تیار ہیں۔ سیکیورٹی اقدامات کے باعث اس وقت شہر کراچی میں محرم الحرام کے آغاز سے لیکر ابتک امن و امان کی صورتحال اطمنان بخش ہے، اس حوالے سے شیعہ رہنماؤں نے بھی کراچی میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ فول پروف سیکیورٹی اقدامات کا سلسلہ ناصرف محرم و صفر کے دوران جاری رہے گا، بلکہ ربیع الاول سمیت پورے سال سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات جاری رہیں گے، تاکہ ملک دشمن عناصر کی فرقہ واریت پھیلانے اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 672934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش