1
0
Tuesday 8 Jan 2019 07:52

ٹرامپ کا ایک اور جھوٹ

ٹرامپ کا ایک اور جھوٹ
اداریہ
دن میں متوسط پندرہ جھوٹ بولنے والے تاجر پیشہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرامپ نے اپنے جھوٹوں میں ایک نئے جھوٹ کا اضافہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے حالات اچھے نہیں ہیں اور وہ ہم سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ امریکی صدر گذشتہ دو سالوں سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ وہ ایران سے گفتگو کے لیے تیار ہیں۔ ایک بار تو ٹرامپ کے منہ سے یہ جملہ بھی سنا گیا کہ وہ کہہ رہے تھے کہ ایرانی بس وائٹ ہائوس ایک فون کریں، سب سمجھوتے طے پا جائیں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ ایک تاجر پیشہ شخص ہیں، وہ ہر مسئلہ کو تجارتی لین دین کے زاویئے سے دیکھتے ہیں، انہیں نہ کسی نظریئے سے سروکار ہے، نہ اصولوں کی سیاست کی الف بے سجمھتے ہیں۔ وہ ایران امریکہ تعلقات کو بھی اسی تناظر میں دیکھتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اگر ایران پر اقتصادی اور سیاسی دبائو بڑھے گا تو وہ گھٹنے ٹیک دے گا، لیکن اسے اس بات کا اداراک نہیں کہ ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لیکر اب تک اپنے اسلامی نظریات اور قومی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

صدام کی صورت میں ایرانی مسلمانوں پر آٹھ سال جنگ مسلط کی گئی، اقتصادی ناکہ بندی کے ذریعے ایران کا سیاسی و سماجی نظام منہدم کرنے کی کوشش کی گئی، عالمی اداروں میں آئے روز ایران مخالف قراردادیں منظور کرکے ایران کو سیاسی و سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی سعی لاحاصل انجام دی گئی، ایران کے خلاف جھوٹے پروپگنڈے کرکے علاقے میں ایرانو فوبیا کا ماحول پیدا کیا گیا، پرامن ایٹمی پروگرام کو بہانہ بنا کر دنیا بھر میں ایران کے اسلامی ایٹم بم کا وسیع چرچا کیا گیا۔ عالمی معاہدوں میں لا کر ایران کی سیاسی و سماجی ترقی کو روکنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا، لیکن یہ تمام اقدامات ایرانی قیادت، قوم اور حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہ کرسکے۔ اسرائیل کی مخالفت ترک کرنے کے صلے میں سامراجی طاقتوں نے ایران کو کیا کیا مراعات دینے کا اعلان کیا، لیکن ایران اپنے اسلامی اور اصولی موقف پر قائم رہا۔

آج امریکہ اس قدر قوی و مستحکم نہیں ہے، جتنا وہ اسی کے عشرے یعنی انقلاب کے اوائل میں تھا اور نہ ہی ایران اتنا کمزور ہے، جب ایران میں نیا نیا اسلامی انقلاب برپا ہوا تھا۔ آج ایران علاقے کا مضبوط ملک ہے، آج ایران کے ساتھ مقاوت و استقامت کا پورا بلاک کھڑا ہے، آج ایران کو نہیں امریکہ کو ایران سے مذاکرات کی ضرورت ہے، اسی لیے تو ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ امریکہ جھوٹ بول رہا ہے کہ ایران نے اسے مذاکرات کا پیغام دیا ہے بلکہ یہ امریکہ ہے جس نے ان کے حالیہ دورہ افغانستان کے موقع پر دو مرتبہ ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ایران کی وزارت خارجہ نے ٹرامپ کے اس بیان پر خوبصورت جواب دیا ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے ٹرامپ ایران کے خلاف خام خیالی میں مبتلا ہیں، ان کی خواہشات ہرگز پوری نہیں ہوں گی، ایرانی عوام کی تاریخ مزاحمت اور کامیابیوں سے بھری ہوئی ہے اور ایران کو پابندیوں اور ظالمانہ دبائو کا مقابلہ کرنا اچھی طرح آتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 770845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Iran, Islamic Republic of
زبردست۔ مختصر اور جامع
ہماری پیشکش