0
Friday 19 Apr 2019 07:34

نئی امریکی بدعت

نئی امریکی بدعت
اداریہ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے وائٹ ہائوس میں داخل ہونے سے لے کر اب  تک بہت سے ایسے امور انجام دیئے ہیں، جنہیں امریکی اقدار اور رائج عالمی پروٹوکولز کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ کے یورپی ممالک کے دورے اور ان میں مختلف یورپی سربراہان مملکت سے ان کے رویئے اور ملنے جلنے کا انداز امریکیوں کے لیے باعث شرمندگی بنا ہوا ہے۔ دوسری طرف ڈونالڈ ٹرامپ کا اپنی کابینہ سے برتائو اور فیصلہ کرنے کا انداز اس بات کا باعث بنا ہے کہ باوقار اور تجربہ کار افراد کابینہ کو خیرباد کہنے میں دیر نہیں لگاتے۔ جتنے افراد ٹرامپ کابینہ یا وائٹ ہائوس سے اس دور میں نکلے ہیں، اس کا ماضی کی کسی امریکی کابینہ سے موازنہ بھی نہیں کیا جا سکتا۔ عالمی سیاست اور بین الاقوامی سفارت کے کچھ رائج اصول ہیں، ان میں سے بہت سے اصولوں اور قوانین کو اقوام متحدہ کی قانونی حمایت بھی حاصل ہے، لیکن موجودہ امریکی صدر ان تمام باتوں سے ماورا من مانے اقدامات کرتے رہتے ہیں۔ ان کے ایک متنازعہ فیصلے کی سیاسی خشک نہیں ہوتی کہ دوسرا فیصلہ رائے عامہ میں زیر بحث آجاتا ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق ڈونالڈ ٹرامپ نے جس طرح عالمی سیاست میں نئی نئی بدعتیں ایجاد کی ہیں، امریکی معاشرہ اور وائٹ ہائوس اس کے منفی اثرات کو کافی عرصے تک بھگتے گا۔ حال ہی میں امریکی صدر نے جس انداز میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد فورس قرار دیا ہے، اسے ایران کے وزیر خارجہ نے عالمی سیاست میں ایک ایسی بدعت قرار دیا ہے، جس کے منفی نتائج بین الاقوامی نظام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ بہرحال ڈونالڈ ٹرامپ اور اس کی انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی، عالمی اداروں اور ان کے قوانین سے بے توجہی بہت سے عالمی معاہدوں سے امریکہ کا نکل جانا، آزاد اور خود مختار ممالک کی آئینی و قانونی فورس کو دہشت گرد قرار دینا اور اس طرح کے متعدد اقدامات، صرف چند ملکوں تک محدود نہیں بلکہ یہ نئی نئی بدعتیں عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ عالمی تجزیہ نگاروں کا یہ کہنا ہے کہ امریکی صدر کا یہ رویہ یکطرفہ پسندی پر منبی خطرناک اہداف کا حامل ایک ایسا تخریبی اور بے لگام عمل ہے، جس سے دنیا امن کی بجائے جنگ کی آماجگاہ بن سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر اس رویئے کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 789438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش