0
Thursday 18 Jul 2019 00:01

مرید عباس کے قتل کی تحقیقات ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں داخل ہوگئی

مرید عباس کے قتل کی تحقیقات ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں داخل ہوگئی
رپورٹ: ایس ایم عابدی

کراچی میں اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کے قتل کی تحقیقات ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں داخل ہوچکی ہیں، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر اہم ادارے بھی معاملے کی چھان بین میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس سلسلے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق ملزم عاطف کے پاس بعض اینکر پرسنز، میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد اور دوستوں نے بھاری سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ جن میں سے پولیس نے لگ بھگ 30 بڑے سرمایہ کاروں کی تفصیلات جمع کی ہیں۔ جن کے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ عاطف زمان کے مالیاتی اسکینڈل میں کس نے کتنا مال لگایا، ذرائع کے مطابق عاطف زمان کے پاس اس کے سسر اور بھائی کی بھی بھاری سرمایہ کاری نکلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عاطف زمان کو 54 کروڑ روپے کا سب سے زیادہ سرمایہ یاسر نامی شخص نے دیا تھا، جس کے بعد دوسرے نمبر پر ایاز شوکت کی اہلیہ صدف ہیں جن کی 17 کروڑ 2 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سامنے آئی ہی جبکہ مقتول اینکر مرید عباس نے 11 کروڑ ساڑھے 72 لاکھ روپے کا سرمایہ ملزم عاطف کو فراہم کیا تھا۔

عمر حیات نے 8 کروڑ 56 لاکھ جبکہ اینکر مدثر اقبال نے 7 کروڑ 50 لاکھ 57 ہزار لگا رکھے تھے۔ ملزم عاطف کے سسر عظیم خان نے بھی اپنے داماد کو 4 کروڑ 52 لاکھ 17 ہزار سرمایہ کاری کے نام پر دیئے۔ ایک بینک مینیجر سیف نے 3 کروڑ 91 لاکھ 75 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی جبکہ ایک اینکر پرسن فواد زیدی نے تین کروڑ 34 لاکھ روپے منافع پر دے رکھے تھے۔ عدنان مصطفیٰ نے 2 کروڑ 92 لاکھ جبکہ حنین نے 2 کروڑ 72 لاکھ روپے دیئے۔ پروڈیوسر لبنیٰ احمد نے ایک کروڑ 75 لاکھ جبکہ ہمایوں نے ایک کروڑ 95 لاکھ دیئے۔ عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کے نام بھی ایک کروڑ 50 لاکھ 50 ہزار کی سرمایہ کاری نکلی ہے۔ ماجد حسین کا ایک کروڑ 29 لاکھ جبکہ عرفان حیدر کے ایک کروڑ 21 لاکھ روپے کا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ ایک ریٹائرڈ میجر مدثر کے ایک کروڑ 20 لاکھ اور ایک مکینک صابر کی 87 لاکھ روپے کی انویسٹمنٹ سامنے آئی ہے۔ ایک شہری حماد خان 72 لاکھ، بینش اقبال نے 37 لاکھ، سدرا سید نے 35 لاکھ روپے سرمائے پر لگائے۔ کرن شاہ نے ساڑھے 18 لاکھ اور شاہد نے 17 لاکھ 56 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی۔ سرمایہ کاری کرنے والے دیگر شہریوں میں راجہ محمود، عزیز عباسی، طارق راجپوت بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سے خبر گردش میں تھی کہ اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست کے قتل کے تانے بانے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سے جڑے ہوئے ہیں اور گرفتار ملزم عاطف زمان افغانستان سے ٹائروں کی پاکستان اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کے شواہد بھی مل رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی ملزم عاطف زمان چند سال قبل تک کراچی میں ایک ٹائر شاپ پر ملازم تھا، جس نے ٹائروں کی افغانستان سے کراچی اسمگلنگ کا دھندہ شروع کیا اور اس دھندے اور منی لانڈرنگ کے جادو سے کروڑ پتی بن گیا۔ ملزم نے میڈیا کے کئی اینکرز سے دوستیاں کیں اور شروع شروع میں ان کی گاڑیوں کے ٹائرز تبدیل کرانے اور گاڑیوں کے دیگر چھوٹے موٹے کام کروا کر اعتماد حاصل کرتا رہا۔ پھر ایک دو دوست اینکر پرسنز سے اس کام میں پیسہ لگانے کا کہا اور ناقابل یقین منافع دے کر انویسٹمنٹ میں کشش پیدا کی۔ پولیس کے مطابق اینکر پرسنز سمیت 80 سے زائد افراد نے عاطف زمان کے پاس لگ بھگ ایک ارب روپے کی انویسٹمنٹ کر رکھی ہے۔ مرید عباس نے عاطف زمان کے پاس لگ بھگ 7 کروڑ روپے کی انویسٹمنٹ کی اور ان کی اہلیہ کی کئی دوست اینکرز نے بھی دیکھا دیکھی پیسہ لگایا۔ میڈیا سے متعلق 42 افراد سمیت مرید عباس کے ساتھ کام کرنے والوں نے بھی منافع پر پیسہ دے رکھا تھا۔
خبر کا کوڈ : 805582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش