0
Sunday 15 Aug 2021 18:50

جون، اصحاب حسینؑ کا تذکرہ

جون، اصحاب حسینؑ کا تذکرہ
تحرير: مہر عدنان حیدر

حضرت جون بن حوی جناب ابوذر ؓ کے سیاہ فام غلام تھے۔ ابوذرؓ اصحابِ مصطفیٰ ؐ میں سے جلیل القدر صحابی ہیں۔ حضرت محمد مصطفیٰ ؐ نے ابوذر غفاری ؓ کے بارے میں فرمایا کہ زمین نے کسی ایسے شخص کا بوجھ نہیں اٹھایا جو اے ابوذرؓ تم سے زیادہ سچا ہو۔ خیر موضوع گفتگو جناب جون ؓ ہیں۔ حضرت ابوذر غفاریؓ نے جون بن حوی کو رسول کریمؐ کو بطور غلام بخش دیا۔ رسولؐ سے مولا علیؑ اور مولا علیؑ سے یہ غلام امام حسن ؑ کے ساتھ رہے اور پھر جون وارث رسول کے ساتھ کربلا آگئے۔ پھر وہ دن آیا جب وارث دین تنہا رہ گئے۔ کربلا میں ایک ایسا وقت بھی آیا کہ حسین ؑ کو عالم غریبی میں پا کر لشکر یزید طعنے دینے اور توہین کرنے لگا۔ یہ منظر جناب جون سے برداشت نہ ہوا تو امام حسین ؑ نے جون کی طرف نگاہ کی اور پوچھا جون کیا چاہتے ہو۔ جون نے عرض کی مولا میں اب برداشت نہیں کرسکتا کہ میرے ہوتے ہوئے آپؑ کی کوئی توہین کرے۔

امامؑ نے فرمایا جون آپ ہمارے ساتھ سفر میں شریک ہوئے کہ عاقبت اور سلامتی حاصل ہو، لیکن یہ زمین بلا ہے۔ اپنے آپ کو ہماری وجہ سے مشکل میں نہ ڈالو۔
جب غلام نے دیکھا کہ مولا ؑ کرم کی وجہ سے مجھ سے معزور فرما رہے ہیں تو غلام مولا کے قدموں پہ گر گیا اور عرض کی مولا ؑ میں خوشی کے وقت آپ کے ساتھ رہا ہوں اور غم میں کس طرح آپ کو چھوڑ دوں۔ جون نے مولا ؑ سے عرض کی کہ مولا میں جانتا ہوں کہ میرا چہرہ سیاہ ہے، میرے خون سے بدبو آتی ہے اور میں پست نسب ہوں۔ مولا ؑ میری ان صفات کی وجہ سے مجھے بہشت سے دور نہ کریں، یہ کہہ کر جون متواتر روتے رہے۔ کریم کربلاؑ نے جون کو اجازت دی اور فرمایا جون جاؤ، ہم تمہارے پیچھے آرہے ہیں۔

راوی لکھتا ہے کہ جون میدان میں آئے، مردانہ وار جنگ کی اور وقت شہادت مولا حسین ؑ کو مدد کے لیے پکارا۔ جون کی آخری خواہش تھی کہ وہ مولا حسین کا دیدار کرسکے۔ کریم کربلا ؑ جون کے سرہانے آئے اور جون کے سر کو اپنی جھولی میں لیا۔ بقول شاعر
اکبرؑ کا جہاں سر ہے، وہیں جونؑ کا سر ہے
شبیرؑ کا زانو ہے، مساوات کی دنیا

مولا نے جون کے چہرے پر ہاتھ پھیرا اور گریہ کرتے رہے۔ یہی نہیں جون کی شہادت بر مخدرات عصمت بھی روئیں۔ امام زین العابدین علیہ السلام فرماتے ہیں کہ بابا حسین کی شہادت کے بعد غاضریہ کے لوگ لاشوں کو دفن کرنے آئے تو جناب جون کی لاش دس دن بعد نظر آئی۔ اس وقت جون کا چہرہ سفید تھا اور ان کے جسم سے عطر کی خوشبو آرہی تھی۔
خبر کا کوڈ : 948749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش