0
Sunday 22 Dec 2013 10:04

راولپنڈی اجتماع

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر ضلع راولپنڈی میں یوم عشق عزائے حسین علیہ السلام منایا گیا، اس سلسلہ میں راولپنڈی کی امام بارگاہ قدیمی میں ایک عظیم الشان اور تاریخی اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں نہ صرف مرد و زن، بوڑھے اور جوان شریک ہوئے بلکہ پیروان حضرت علی اصغر و حضرت عون ومحمد علیہ السلام کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس عظیم اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی سمیت علامہ مرزا یوسف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری طاقت اور یزیدیت کے مقابلے میں ہماری فرنٹ لائن ہے، ہم اپنا اگلا مورچہ کسی بھی صورت میں دشمن کے حوالے نہیں کرسکتے، اگر راولپنڈی میں جلوس اربعین کو روکنے یا اس کا روٹ تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو راولپنڈی کو سیل کر دیا جائے گا، راولپنڈی کی ہر گلی اور کوچے میں عزاداری ہوگی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کے جلوسہائے اربعین سڑکوں پر ہی روک دیئے جائیں گے اور اس وقت تک آگے نہیں بڑھیں گے جب تک راولپنڈی کا جلوس روایتی راستوں سے گزر کر منزل پر نہیں پہنچے گا۔ وہ یوم عشق ولائے حسین کی مناسبت سے قدیمی امام بارگاہ راولپنڈی میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
 ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عزاداری مظلوم کربلا کی بنیاد شریکة الحسین سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بھائی کی لاش پر ماتم کرکے رکھی، یہ مولا حسین کے چہلم کا جلوس ہے، کسی جماعت یا فرد کا نہیں، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، ہم یہ جلوس اپنی پوری طاقت کے ساتھ نکالیں گے، اگر پہلے عزاداری واجب تھی تو اربعین کا جلوس اوجب ہے۔ ہماری مائیں، بہنیں اس جلوس میں بچوں کے ہمراہ شریک ہوں گی اور ملت تشیع کا ہر فرد جلوس میں غسل شہادت کرکے آئے گا، انشاءاللہ علمائے کرام جلوس کے فرنٹ پر ہوںگے اور سب سے پہلے قربانی دیں گے۔ انہوں نے امام بارگاہوں کے متولیان اور جلوسوں کے منتظمین کو ہدایت کی وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، بلاخوف و خطر عزاداری کے پروگراموں کا مقررہ وقت پر آغاز کریں، اسلام کی چودہ سو سالہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنا سب کچھ قربان کیا لیکن دامن اہلبیت نہیں چھوڑا، ہم شہیدوں کی میراث اور انبیاء و اولیاء کے وارث ہیں، اگر ہم نہ ہوتے تو وفا مرچکی ہوتی، سچائی کا کہیں نام و نشان تک نہ ہوتا، ہم نے فضیلتوں کے چمن کی اپنے خون سے آبیاری کی ہے، ہم خون کے دریا عبور کرکے یہاں تک پہنچے ہیں، ہم نے مشکل ترین دور دیکھے، مکار، دھوکے باز جلاد اور فرعوں خصلت حکمران دیکھے، لیکن آدم، موسٰی، محمد ۖ اور اہلبیت کا راستہ نہیں چھوڑا۔
خبر کا کوڈ : 333033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش