0
Saturday 2 Jun 2012 20:08

امام خمینی نے اسلام کو انقلابی قوت کے طور پر دنیا میں متعارف کرایا، قاضی حسین احمد

امام خمینی نے اسلام کو انقلابی قوت کے طور پر دنیا میں متعارف کرایا، قاضی حسین احمد
جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر محترم قاضی حسین احمد کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں، آپ ایک بین الاقوامی شہرت کے حامل مذہبی و سیاسی رہنماء ہیں، آپ نے ہمیشہ مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششیں کیں، آپ کا شمار پاکستانی سیاسی میدان کی ان گنی چنی شخصیات میں ہوتا ہے جن کا دامن کرپشن یا اس جیسے کسی دوسرے الزام سے پاک ہو، آپ ہر مکتب فکر میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جانی والی شخصیت ہیں، جماعت اسلامی کی امارت چھوڑنے کے بعد قاضی صاحب نے خود کو ملکی معاملات سے الگ نہیں کیا، بلکہ اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے آج بھی میدان عمل میں دکھائی دیتے ہیں، قاضی حسین صاحب نے ملکی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حالیہ دنوں میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مختلف دینی جماعتوں اور قائدین کو ایک چھت تلے جمع کیا اور مذہبی جماعتوں کے غیر فعال اتحاد ملی یکجہتی کونسل کو بحال کیا اور آپ ہی اس اتحاد کے عبوری سربراہ ہیں، اسلام ٹائمز نے عالم اسلام کے عظیم رہنماء امام خمینی رہ کی برسی کے موقع پر قاضی حسین احمد صاحب سے مختصر گفتگو کا اہتمام کیا، جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔

اسلام ٹائمز: قاضی صاحب آپ نے امام خمینی رہ کی شخصیت کو کیسا پایا۔؟
قاضی حسین احمد: انقلاب کے بعد سب سے پہلے ہمارا ہی وفد امام خمینی سے ملنے گیا تھا، تاہم بدقسمتی سے میں اس وفد میں شامل نہیں تھا، البتہ میں ان کی نماز جنازہ میں شامل ہوا تھا، وہ بہت تاریخ ساز شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے پوری دنیا میں نئے سرے سے اسلام کو انقلابی دین اور انقلابی پروگرام کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا، اور انہوں نے یہ بات ثابت کر دی کہ اسلام میں اس دور میں بھی یہ قوت موجود ہے کہ وہ کروڑوں عوام کو متحرک کرسکتا ہے، وہ غریب اور کمزور لوگوں کو جابر قوتوں کے مقابلہ میں صف آراء کر سکتا ہے۔ اسلام کی ہی قوت ظالموں کو مٹا سکتی ہے اور مظلوموں کو ان کے سامنے لاکھڑا کر سکتی ہے، اور یہ امام خمینی نے عملاً ثابت کر دیا۔ فکر کے لحاظ سے وہ تمام دنیا میں قرآن و سنت کی تعلیمات سے لوگوں کو آگاہ کر رہے تھے اور تبلیغ بھی کر رہے تھے، لیکن ان کی دعوت نے عملی کامیابی حاصل کی، اور ظالم قوت سے ایک مظلوم قوم کو نجات دلائی۔

اسلام ٹائمز: امام خمینی رہ کی شخصیت آپ کے نزدیک عالم اسلام میں کس اہمیت کی حامل ہے۔؟
قاضی حسین احمد: ان کی شخصیت اس حوالے سے بہت اہم ہے کہ انہوں نے اسلام کو ایک بہت بڑی انقلابی قوت کے طور پر متعارف کرایا، وہ تمام مسلمانوں کیلئے بہت اہم شخصیت تھے۔

اسلام ٹائمز: اسلامی بیداری کی موجودہ لہر کو امام خمینی رہ کے انقلاب کے مرہون منت قرار دیا جاتا ہے، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے۔؟
قاضی حسین احمد: جی بالکل، امام خمینی کا اس میں کنٹری بیوشن ہے، یہ امام حسن البنیٰ، مولانا ابو الاعلٰی مودودی اور فکر علامہ اقبال سمیت دنیا بھر میں جو داعی گزرے ہیں، ان سب کی تعلیمات اور محنت و جدوجہد کا نتیجہ ہے، جن میں امام خمینی بھی شامل ہیں۔

اسلام ٹائمز: امام خمینی رہ نے امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیا تھا، اور آج اسی شیطان بزرگ کی مختلف اسلامی ممالک میں مداخلت موجود ہے، آپ کے خیال میں امام خمینی رہ کی فکر کی پیروی کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے امریکہ اور اس کے حواریوں کی مداخلت کو روکا جا سکتا ہے۔؟
قاضی حسین احمد: بالکل، ہر جگہ پر لوگوں کو اکٹھا اور متحد ہونا چاہیے، مشترکات پر اکٹھا ہونا چاہئے، ہم کہتے ہیں کہ درد مشترک اور قدر مشترک پر اکٹھے ہو جائیں، جو درد مشترک ہیں وہ توحید، رسالت، آخرت کا عقیدہ، فرائض کی پابندی، بڑے گناہوں سے اجتناب، بلند اخلاق ہیں، اور جو قدر مشترک ہیں ہمیں ایک ہی چیلنج کا سامنا ہے، اور اس چیلنج کا مقابلہ ہم متحد ہو کر ہی کر سکتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: انقلاب اسلامی کے بعد جماعت اسلامی کا کیسا ردعمل تھا۔؟
قاضی حسین احمد: پاکستان کے شیعہ افراد سے پہلے ہم نے امام خمینی کی حمایت کی، یہاں کے شیعہ اس وقت ماتم وغیرہ میں مصروف تھے، جبکہ ہم اس وقت ان کا ساتھ دے رہے تھے۔

اسلام ٹائمز: امام خمینی رہ کی جانب سے دنیا میں اسلام کا اصل چہرہ ظاہر کرنے کی کوششوں کو آپ کس نگاہ سے دیکھتے ہیں۔؟
قاضی حسین احمد: امام خمینی کا بہت اہم کردار رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ قرآن و سنت پر سب لوگ اکٹھے ہو جائیں، یہی ہماری کامیابی ہوگی۔

اسلام ٹائمز: امام خمینی رہ کی برسی کے موقع پر قوم کو کیا پیغام دینا چاہیں گے۔؟
قاضی حسین احمد: لوگوں کو اللہ، رسول ص اور قرآن و سنت کی بنیاد پر اکٹھا کیا جائے، امام خمینی نے بھی اسلام اور قرآن سنت کی بنیاد پر اکٹھا ہونے کی دعوت دی تھی، اسی وجہ سے ایران میں بہت سارے سنی بھی ان کے ساتھ ہو گئے تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 167656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش