0
Sunday 30 Nov 2014 23:22

علامہ شیخ نواز عرفانی کا قتل ایجنسیوں کی کارستانی ہے، علامہ وحید عباس

علامہ شیخ نواز عرفانی کا قتل ایجنسیوں کی کارستانی ہے، علامہ وحید عباس
علامہ سید وحید عباس کاظمی کا شمار خیبر پختونخوا کے فعال نوجوان علمائے کرام میں ہوتا ہے، آپ کا تعلق ہزارہ ڈویژن کے علاقہ ہزارہ سے ہے، آج کل آپ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیںِ، جبکہ اس سے قبل ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی اور ضلع ہری پور کے سیکرٹری جنرل کی مسئولیت آپ کے پاس تھی، ’’اسلام ٹائمز‘‘ نے علامہ شیخ نواز عرفانی کی شہادت سے متعلق علامہ وحید عباس کاظمی کیساتھ ایک مختصر انٹرویو کیا، جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔ (ادارہ)

اسلام ٹائمز: پارا چنار کے ماضی کے حالات آپکے سامنے رہے ہیں، ایسے میں علامہ شیخ نواز عرفانی کے قتل کے پیچھے دشمن کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں۔؟
علامہ وحید عباس کاظمی:
پارا چنار میں الیکشن کے بعد جو مسئلہ اٹھا تھا، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو ہم یہ کہنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ یہ ایجنسیوں کی کارستانی ہے، پارا چنار میں الیکشن کے دوران پیدا ہونے والے مسائل کے بعد علمائے کرام کی کوششوں کی وجہ سے وحدت کی فضاء پیدا ہوئی تھی، ان کی کوشش تھی کی کہ اس وحدت کی فضاء کو فتنہ و فساد میں بدلا جائے اور اہل تشیع کے اتحاد کو توڑا جائے، مجھے اس قتل کے پیچھے یہی سازش نظر آتی ہے۔

اسلام ٹائمز: شیخ صاحب کے قتل کے بعد پارا چنار کے علمائے کرام، رہنماوں اور عوام کے ردعمل کو کیسے دیکھتے ہیں۔؟
علامہ وحید عباس کاظمی:
میرے خیال میں پارا چنار کے عوام نے اب تک بہت شعور کا مظاہرہ کیا ہے، اور شہید کے جنازہ میں علماء کرام کی شرکت اور عوام کی جانب سے عقیدت کے اظہار کو دیکھتے ہوئے ظاہر ہوتا ہے کہ دشمن اپنی سازش میں ناکام ہوا ہے، وہ اپنی کوششوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکے، عوام اور علماء کرام نے ملکر ان کی سازشوں کو شکست دے دی ہے، اور میرے خیال میں پارا چنار کے لوگوں میں پہلے سے زیادہ وحدت دیکھنے میں آئی ہے۔

اسلام ٹائمز: اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کا کیا رول رہا ہے، اور آیا کیا کوئی وفد باقاعدہ تعزیت کیلئے پارا چنار جائے گا۔؟
علامہ وحید عباس کاظمی:
جی، ایم ڈبلیو ایم کا ایک اعلٰی سطحی وفد کل پارا چنار روانہ ہوگا، اور علامہ امین شہیدی صاحب اس وفد کی قیادت کریں گے، اس وفد میں صوبائی کابینہ کے اراکین بھی شامل ہوں گے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں جنازہ کے موقع پر بھی ایم ڈبلیو ایم نے اپنا کردار ادا کیا، جمعہ کو احتجاج بھی کیا گیا، آپ کے علم میں ہے کہ شہید نواز عرفانی کی مجلس وحدت مسلمین کیساتھ بہت ہمدردیاں تھیں، اور ملت کے ایک شہید عالم کی حیثیت سے مجلس وحدت مسلمین نے ان کی شہادت پر اپنا رول ادا کیا ہے۔

اسلام ٹائمز: تنظیمی حوالے سے پوچھنا چاہوں گا کہ ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا میں کس حد تک فعالیت حاصل کر پائی ہے۔؟
علامہ وحید عباس کاظمی:
دیکھیں جی، ماضی میں یہاں ہماری اس قسم کا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل نہیں پایا تھا، تاہم اب خیبر پختونخوا میں ایسا کوئی ضلع نہیں ہے جہاں مجلس وحدت مسلمین کا تنظیمی ڈھانچہ یا وجود نہ ہو، کئی اضلاع کے سیکرٹری جنرلز نے اپنے اپنے اضلاع کی کابینہ مکمل کرلی ہیں، اور انشاء اللہ ماہ صفر المظفر کے بعد ہم ایک بار پھر پورے صوبے کا دورہ کریں گے، اور پھر یونٹ سازی کو فعال کیا جائے گا، کئی مقامات پر یونٹ سازی ہوئی ہے، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ہزارہ ڈویژن وغیرہ شامل ہیں، اور اس دورہ میں ہم حلف برداری کی تقاریب کا سلسلہ شروع کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 422278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش