0
Sunday 30 Aug 2015 00:12
آج تک پاکستان اگر بچا ہوا ہے تو اس میں مرکزی اور اہم کردار پاک فوج کا ہے

داعش القاعدہ کا تسلسل ہے، جسکے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی ہے، مفتی عبدالنبی لنگاہ

مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و وحدت کے ذریعے ہی دشمنان اسلام کا مقابلہ ممکن ہے
داعش القاعدہ کا تسلسل ہے، جسکے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی ہے، مفتی عبدالنبی لنگاہ
اہلسنت عالم دین مفتی عبدالنبی لنگاہ کا تعلق بنیادی طور پر پاکستان میں اہلسنت مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی مذہبی جماعت جمعیت علمائے پاکستان سے ہے، وہ اس وقت جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر کی حیثیت سے فعال ہیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ درس و تدریس سے وابستہ بھی ہیں۔ گذشتہ دنوں وہ تنظیمی دورے پر کراچی تشریف لائے، اس موقع پر ”اسلام ٹائمز“ نے مفتی عبدالنبی لنگاہ کے ساتھ پاکستان سمیت عالم اسلام میں ہونے والی دہشتگردی کے موضوع پر مسجد امام شاہ احمد نورانی، گلبرگ میں ایک مختصر نشست کی، اس موقع پر انکے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔ ادارہ

اسلام ٹائمز: عالم اسلام اسوقت جس دہشتگردی کا شکار ہے، اسکا ذمہ دار کسے سمجھتے ہیں۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔۔۔۔۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشتگردی کا اصل سبب اور ذمہ دار امریکہ، اسرائیل اور مغربی ممالک ہیں، جب مسلم ممالک میں امن و امان تھا، تو مغربی لابی کے کچھ ممالک نے افغانستان میں شمالی اتحاد کو سپورٹ کیا، وہاں خانہ جنگی آغاز ہوا، ہزاروں لوگ اس خانہ جنگی کا شکار ہوئے، اس کے بعد امریکہ اور مغربی لابی نے القاعدہ کے نام سے ایک عالمی دہشتگرد تنظیم بنائی، دنیا کو پتہ ہے کہ اسامہ بن لادن امریکی نمائندہ بن کر افغانستان آیا، اس نے شمالی اتحاد کو ختم کیا، بہرحال دونوں صورتوں میں نقصان مسلمانوں کا ہی ہوا، بہرحال دنیا بھر میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی ہے، اس کا مقصد اسلام اور مسلم امہ کو بدنام کرنا ہے، یہ اسلام اور مسلمانوں کو دنیا میں دہشتگرد کہلوانا چاہتے ہیں، اسی مقصد کیلئے پہلے انہوں نے القاعدہ اور اس جیسی دیگر دہشتگرد تنظیمیں بنائیں، اور اب داعش کے نام سے دہشتگرد گروہ تشکیل دیا، کیونکہ القاعدہ مسلم ممالک میں اپنی دہشتگردی اور بربریت کے باعث بدنام ہوچکی تھی، لہٰذا امریکہ اور اسرائیل نے پہلے القاعدہ کے ذریعے افغانستان اور عراق کو فتح کرنے کی کوشش کی، اب داعش کے ذریعے شام کو فتح کرنے کی کوشش کرینگے، ایران کو نشانہ بنانے کی کوشش کرینگے، بلکہ اب تو میڈیا میں بھی آچکا ہے کہ داعش خود سعودی عرب کے اندر بھی مساجد پر حملے کر رہی ہے، جو ممالک دہشتگردی سے بچے ہوئے تھے، اب یہ اسلام دشمن ممالک انہیں بھی داعش اور اس جیسی دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کرینگے، ہوسکتا ہے کہ کل داعش کے بعد کوئی اور دوسرا نام سامنے آجائے گا، لہٰذا امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی کے ساتھ ساتھ القاعدہ ہو یا داعش ہم ان سب کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اور عالم اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ شعور، بیداری اور اتحاد و وحدت کے ذریعے اسلام دشمن ممالک کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

اسلام ٹائمز: پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے کون ہے۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
پاکستان ایک پرسکون اسلامی ملک ہے، جس میں ہونے والی تمام تر دہشتگردی کے پیچھے بھی امریکہ، اسرائیل، ہندوستان اور مغربی لابی ہے، یہ بات تو اب ثابت ہوچکی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ملکر ہندوستان اپنی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ذریعے کراچی سے لیکر بلوچستان تک دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، کبھی امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہوتے ہیں، ان تمام اسلام دشمن ممالک کو پاکستان کی بقاء و سالمیت کسی طور پر قبول اور برداشت نہیں ہے، یہ اسلام دشمن ممالک افغانستان اور ہندوستان کے راستے سے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، یہی پاکستان میں طالبان کو وجود میں لائے، اور پھر طالبان نے پاکستان میں اہل تشیع کا قتل عام کیا، پھر کچھ شیعہ اٹھے اور انہوں نے جوابی کارروائی کی، پھر پاکستان میں بریلوی مسلک کے لوگ بھی دہشتگردی کا نشانہ بن رہے ہیں، ہم یہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والی تمام تر دہشتگردی کے پیچھے امریکہ، اسرائیل، ہندوستان اور مغربی لابی ہے، یہ مسلمانوں کی ایٹمی قوت پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: آپ نے داعش کا ذکر کیا، اس بات میں کتنی صداقت ہے کہ داعش امریکی و اسرائیلی پیداوار ہے۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
یہ بات سو فیصد درست ہے کہ دہشتگرد تنظیم داعش کو امریکہ، اسرائیل اور مغربی لابی نے بنایا ہے، جس کا مقصد مسلم ممالک میں دہشتگردی پھیلانا ہے، انہیں نقصان پہنچانا ہے، جس طرح سے اسلام دشمن ممالک القاعدہ کے ذریعے مسلمانوں کا قتل عام کرچکے ہیں، اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرچکے ہیں، اس طرح یہ داعش بھی القاعدہ کا تسلسل ہے، مقصد صرف اور صرف اسلام و مسلمانوں کو نقصان پہنچانا ہے، بدنام کرنا ہے، ہم اسلامی ممالک میں ہونے والی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: عالمی سطح پر القاعدہ ہو یا داعش، یا پاکستان میں طالبان، لشکر جھنگوی اور دیگر دہشتگرد گروہ ہوں، سب اہلسنت کا نام لیتے ہیں، کیا کہیں گے اس حوالے سے۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
القاعدہ، داعش، لشکر جھنگوی یا دیگر جتنی بھی دہشتگرد تنظیمیں ہیں، ان سب کو اپنے ناپاک مقاصد کی تکمیل کیلئے کوئی نہ کوئی نام استعمال کرنا ہوتا ہے، لہٰذا مسلمانوں کو پرامن اہلسنت کا نام لیکر گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اکابرین اہلسنت شروع دن سے ہی یہ حقیقت دنیا پر واضح کرتے آئے ہیں کہ ان تمام دہشتگردوں تنظیموں سے اہلسنت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام ٹائمز: دہشتگرد تنظیموں کو اسلام دشمن ممالک کی سپورٹ تو ہوتی ہے، لیکن کیا وجہ ہے کہ مسلمانوں میں سے ہی کچھ نام نہاد مسلمان دشمنوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
اگر کوئی غیر مسلم اسلامی ممالک میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں پکڑا جائے گا تو اس سے اسلام اور مسلمان بدنام نہیں ہونگے، لیکن اگر اسلام دشمن ممالک اسلام کے خلاف، مسلم ممالک کے خلاف نام نہاد منافقین ہی استعمال ہوں تو اس سے اسلام اور مسلمان دشمن پروپیگنڈے کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن ممالک مسلمانوں کے اندر موجود دنیا پرست نام نہاد منافقین کو ہی اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے استعمال کرتے ہیں، اسی وجہ سے اسلام و مسلمان بدنام ہو رہے ہیں۔

اسلام ٹائمز: دہشتگرد گروہ داعش اور اس جیسے دیگر گروہوں سے نمٹنے کیلئے مسلمانوں کی کیا ذمہ داری بنتی ہے۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیئے، مسلمانوں کو اتحاد و وحدت کی فضا قائم کرنی چاہیئے، او آئی سی تو ایک ناکارہ ادارہ بن چکا ہے، اس کے بجائے مسلمانوں کو مسلم ممالک پر مشتمل ایک فعال اسلامی پلیٹ فارم تشکیل دینا چاہیئے، جو امریکہ، اسرائیل، مغربی لابی کی سازشوں کو ناکام بنانے، بے نقاب کرنے میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔ بہرحال اتحاد بین المسلمین، مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و وحدت کے ذریعے ہی دشمنان اسلام کا مقابلہ ممکن ہے۔

اسلام ٹائمز: آخر میں آپ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کے کردار کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں۔؟
مفتی عبدالنبی لنگاہ:
آج تک پاکستان اگر بچا ہوا ہے، تو اس میں مرکزی اور اہم کردار پاک فوج کا ہے، اگر ہماری بہادر پاک فوج نہ ہوتی تو ہم کب کے آپس میں لڑ لڑ کر پاکستان کھو بیٹھتے، پاکستان میں طالبان کا مقابلہ کرنا ہو یا دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو، یا دہشتگردی سے ٹکرانا ہو، تو یہ ساری ٹکر ہماری پاک فوج نے لی ہے، اور ان سب کو ناکام بنایا ہے، لہٰذا جمعیت علمائے پاکستان پاک فوج کی مکمل حمایت کرتی ہے اور کرتی رہے گی، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو پہلے بھی سراہا ہے، اور اب بھی سرہاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 482802
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش