0
Thursday 30 Jun 2022 00:27

ہم ماضی کی طرح امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، حزب اللہ لبنان

ہم ماضی کی طرح امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، حزب اللہ لبنان
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کی اجرائی کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں اور جارحانہ اقدامات کے مقابلے میں مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں مجرمانہ سرگرمیاں انجام دینے میں مصروف ہے جبکہ امریکہ صرف اور صرف اسرائیلی مفادات کو مدنظر قرار دیتا ہے لہذا ہمارے پاس اپنے حقوق حاصل کرنے کا واحد راستہ مزاحمت بچ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کیلئے لبنان کے قومی مفادات کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور نہ ہی ہم امریکی حکمرانوں پر اعتماد کر کے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے لبنان کی سمندری حدود میں گیس کے ذخائر پر اسرائیل سے جاری تنازعہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مسئلے کے حل کیلئے امریکی ثالث ایموس ہاکسٹائن کے منتظر نہیں رہ سکتے۔
 
حزب اللہ لبنان کے اعلی سطحی رہنما سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ ہمیں امریکہ اور غاصب صہیونی رژیم کے مقابلے میں وہی منطق اور طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے جو ہم نے چالیس برس پہلے اپنائی تھی اور اس کی مدد سے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا تھا۔ انہوں نے کہا آج لبنان کی سب سے بڑی اور اہم ضرورت فوری بنیادوں پر حکومت کی تشکیل ہے لہذا ہم سب کو مل کر اس کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ پوری دنیا سمیت مشرق وسطی بھی اس وقت تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور ہمیں ان حالات میں اپنا کردار تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی عالمی سطح پر سیاسی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، طاقتور ملک کمزور ممالک کو روند ڈالتے ہیں لیکن ہم مزاحمت کے فرزند ہیں اور امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کے باوجود اپنے ملک کا مستقبل روشن بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1001847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش