0
Monday 4 Jul 2022 22:49

قبائلی اضلاع کو صحت کارڈ کی سہولت سے محروم کرنا غیر آئینی ہے، عبدالواسع

قبائلی اضلاع کو صحت کارڈ کی سہولت سے محروم کرنا غیر آئینی ہے، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے صوبائی حکومت کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کو صحت کارڈ کی سہولت سے محروم کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں عبدالواسع کا کہنا تھا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کے بعد ضم اضلاع اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں، انہیں بھی صوبہ کے عوام کی طرح صحت سمیت تمام سہولیات ملنی چاہئیں۔ صحت کارڈ کی سہولت عارضی نہیں مستقل طور پر فراہم کی جائے۔ حکومت محض اعلانات نہ کرے بلکہ انھیں عملی جامہ بھی پہنائے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کو وفاق اور صوبے کے درمیان فٹبال نہیں بنانا چاہئے۔ اگر وفاق اس سلسلے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے تو ان سے دو ٹوک بات کی جائے، اگر صوبہ ضم اضلاع کی ذمہ داری سے اپنا دامن بچا رہا ہے تو یہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ سے شدید متاثر ہیں، وہاں کے عوام نے امن کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ ان کے کاروبار اور روزگار تباہ ہوچکے ہیں۔ غربت کی شرح باقی ملک کی نسبت زیادہ ہے۔ صحت کارڈ کی سہولت سے ان کو محروم رکھنا ان کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ صوبائی حکومت کو اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنا چاہئے۔ صحت کارڈ کی سہولت ضم شدہ اضلاع کے تمام لوگوں کو مستقل بنیادوں پر فراہم کرکے ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اگر اس مسئلے کا مستقل حل تلاش نہ کیا گیا تو ضم شدہ اضلاع کے عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور احتجاج کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1002705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش