0
Thursday 11 Aug 2022 23:03

عمران خان کے چیئرٹی اور سیاسی اکاؤنٹس فوری طور پر منجمد کئے جائیں، شرجیل میمن

عمران خان کے چیئرٹی اور سیاسی اکاؤنٹس فوری طور پر منجمد کئے جائیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کے چیئرٹی اور سیاسی اکاؤنٹس فوری طور پر منجمد کئے جائیں اور اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، ہر جرم میں عمران خان خود ملوث ہے، عمران خان نے 18 اپریل 2008ء کو برطانوی بینک کو اپنی سابقہ اہلیہ جمائما خان کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ پاؤنڈ چندے کی رقم سے پیسے منتقل کرنے کے لئے خط لکھا، یہ پاکستانی فراڈیہ نہیں بلکہ بین الاقوامی فراڈیہ ہے، ان کے خلاف برطانوی اتھارٹیز نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں منظور شدہ پالیسی کے تحت خریدی تھیں، یہ گاڑیاں اب بھی ان کے پاس اور ان کے زیر استعمال ہیں جبکہ عمران خان نے قیمتی گھڑیاں مارکیٹ میں بیچیں اور ان کا کچھ حصہ قومی خزانے میں جمع کروایا۔

 انہوں نے کہا کہ جب صدر آصف علی زرداری پر توشہ خانہ کا کیس بن سکتا ہے تو عمران خان پر کیوں نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مصنوعی طور پر اہل کیا جا رہا ہے وہ پہلے دن سے نا اہل تھے، عمران خان نے بہت ساری چیزیں چھپائی ہیں، اس نے جھوٹ پر جھوٹ بول کر عوام سے دھوکا کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل عمران خان کی باڈی لینگویج تبدیل تھی وہ ڈرا ہوا تھا، ان کے گلے پھانسی کا پھندہ پڑنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کسی کو جواب دینے کے قابل نہیں رہے، یہ لوگ ملک کیخلاف اور اداروں کے خلاف باتیں کرتے ہیں، عمران خان سازش کررہے ہیں، ان کے پیچھے کچھ دشمن ممالک کی سپورٹ ہے، یہ سوچی سمجھی سازش ہے، جس میں عمران خان ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو عمران خان کی اصلیت کے بارے میں جاننا ہے تو حکیم سعید کی کتاب اور ڈاکٹر اسرار احمد کی یوٹیوب پر موجود ویڈیو دیکھ لے۔ انہوں نے عمران خان کو یہودی لابی اور اسرائیل کا ایجنٹ قرار دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے بھتے کی پرچیاں پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھیجی جارہی ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان کو خیبرپختونخوا میں سازش کے تحت فعال کیا جا رہا ہے، شرجیل انعام میمن کے پی کے میں گذشتہ دس سال سے زائد عرصہ سے ان کی حکومت ہے، جو انہوں نے وہاں گل کھلائے ہیں سب کو پتہ ہے، بنوں جیل ٹوٹی، کوئی تحقیقات نہیں ہوئی، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، آرمی پبلک اسکول کا افسوسناک واقعہ ہوا، اگر طالبان پرچیاں دے رہے ہیں تو عمران خان کی حکومت وہاں کیا کر رہی ہے، کیا بھتے سے متعلق بات پر عمران خان نے طالبان پر الزام لگایا ہے جبکہ ترجمان، خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھتہ کے واقعات کم ہیں، کون غلط بیانی کر رہا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پرویزالہیٰ کو عمران خان نے وزیراعلیٰ بنایا، انہوں نے بھی کہا شہباز گل کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیئے، سیاستدان عوامی نمائندہ ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1008704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش