0
Monday 26 Sep 2022 15:21

لاہور، 90ء کی دہائی میں ضلع کچہری میں جلنے والا ریکارڈ دوبارہ مرتب کرنے کا فیصلہ

لاہور، 90ء کی دہائی میں ضلع کچہری میں جلنے والا ریکارڈ دوبارہ مرتب کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ لاہور کی ضلع کچہری میں 1990ء کی دہائی میں آتشزدگی سے جلنے والے سرکاری ریکارڈ سے متعلق بورڈ آف ریونیو نے بڑا قدم اُٹھا لیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے جھلسنے والے سرکاری ریکارڈ کو دوبارہ مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ضلع کچہری لاہور میں 90ء کی دہائی میں آتشزدگی کے باعث شہریوں کی جائیدادوں کا ریکارڈ جل گیا تھا۔ بورڈ آف ریونیو کے فل بورڈ اجلاس نے خاکستر ہونیوالے ریکارڈ کو دوبارہ مرتب کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ سابق سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے نیا ریونیو ریکارڈ مرتب کرنے پر پابندی لگا دی تھی جبکہ موجودہ سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان نے جلنے والے ریکارڈ کی دوبارہ تیاری کی منظوری دیدی ہے۔

فل بورڈ اجلاس میں کہا گیا کہ سابق سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے فیصلے کو ختم کرنے کی منظوری سے جائیدادوں سے متعلق ریونیو ریکارڈ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے، شہریوں کو اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ ریکارڈ جلنے کے بعد شہریوں کو ضلع کچہری میں ریکارڈ درستگی کے مسائل کا سامنا تھا۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر خود جعلسازی کے واقعات کے تدارک کے ذمہ دار ہونگے۔ نیا ریکارڈ مرتب ہونے سے شہریوں کو نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ کورٹ کچہریوں کے چکروں سے نجات ملے گی اور جعل سازی کے رجحان کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1016210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش