0
Thursday 1 Dec 2022 18:41

طالبان کی دہشتگردانہ حملوں کی دھمکیاں اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ مبشر حسن

طالبان کی دہشتگردانہ حملوں کی دھمکیاں اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ مبشر حسن
اسلام ٹائمز۔ دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے زیر اہتمام ہفتہ وار اجتماعی دعائے توسل و اظہار یکجہتی مسنگ پرسنز فیملیز کے ساتھ  محفل شاہ خراسان روڈ پر انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے دعا کی تلاوت کی جبکہ محمد علی جلالوی نے منقبت پیش کی۔ تقریب میں مذہبی، سماجی شخصیات، منسگ پرسنز کے اہل خانہ اور عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں دہشتگردانہ حملوں کی کھلی دھمکیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن شیعیان حیدر کرارؑ نے ہمیشہ قومی سلامتی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، تاہم افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک خداداد میں بانیان پاکستان کی اولادوں ملت جعفریہ کو حب وطنی کی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو ملت جعفریہ کو ملک میں دہشتگردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا تو دوسری جانب ہمارے بے گناہ نوجوانوں کو سالوں سے لاپتہ کیا گیا ہے اور اب تک ان کے گھر والے بے سکونی و اضطراب میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کا ہر لمحہ تکلیف و پریشانی میں گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ شیعہ نوجوان اگر کسی جرم کے مرتکب ہوئے ہیں تو انہیں آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عدالتوں میں پیش کیا جائے، آخر انہیں کس حکمران یا نہ دکھنے والی قوتوں کی خوشنودی کے لئے لاپتہ کیا جارہا ہے، ملت جعفریہ ملک بھر میں جاری اس مجرمانہ اقدام کی مذمت کرتی ہے اور حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عمائدین کو مسنگ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کی طرح اس حکومت کے مسنگ پرسنز کی رہائی کے لئے دعوے جھوٹے نکلے، اگر ہمارے نوجوانوں کو بازیاب نہیں کیا گیا تو پوری شیعہ قوم ماضی کی طرح ملک بھر سمیت دنیا بھر میں منظم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1027923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش