0
Thursday 23 Mar 2023 04:20

رمضان المبارک کی آمد پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی حسین امیر عبداللہیان کو مبارکباد

رمضان المبارک کی آمد پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی حسین امیر عبداللہیان کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ "فیصل بن فرحان" نے اپنے ایرانی ہم منصب "حسین امیر عبداللہیان" کو فون کیا اور ماہ رمضان المبارک کی مبارک باد دی۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس ٹیلیفونک کال میں بیجنگ اجلاس کے مثبت نتائج کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے پر زور دیا۔ دوسری جانب حسین امیر عبداللہیان نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو ماہ رمضان المبارک کی مبارک دی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تہران اور ریاض کے درمیان فطری تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ اور وسعت دینے کے لئے ایران کی آمادگی پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پہلی فرصت میں ایک دوسرے سے ملاقات کی جائے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو رمضان کی مبارکباد دی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سفارتخانوں کے دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے جلد دوطرفہ ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ 10 مارچ کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کرنے اور سفارتخانوں کو کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1048191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش