0
Monday 27 Mar 2023 11:29

ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں، سردار تنویر الیاس

ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں، سردار تنویر الیاس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں آفیسران عوام کی بہتری کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں جہاں پر مشکلات ہوں حکومت کو آگاہ کریں، ہم عوام کے لیے دن رات حاضر رہیں گے۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں دفاتر میں آنے والے سائیلین کو جائز کام کیلئے چکر نہ لگوائے جائیں، ان کے ساتھ بہترین رویہ روا رکھ کر مسائل فوری حل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدیں ہم سے ہیں فرسودہ اور کرپٹ نظام تبدیل کرنے کے لیے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، ہمیں عوام کی توقعات کے مطابق نظام میں تبدیلی کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام آفیسران اپنی سروس کو عوام کی خدمت سمجھ کے کریں عوام دوست رویے اور مشکل ترین پراسیس کو آسان بنا کر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ 

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، دفاتر میں چکر لگوانے کا نظام اب ختم ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب عوام کے خادم ہیں سب کو اپنے منصب کے مطابق ایمانداری اور دیانتداری کیساتھ کام کرنا ہو گا تحریک انصاف حکومت نے انتقامی تبادلوں اور کارروائیوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے ہمارے لیے وہ سب سے زیادہ قابل احترام ہے جو عوام کے لیے بہتر کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں اداروں کی مضبوطی سے ریاست مضبوط ہو گی جہاں پر کسی کے خلاف شکایت ملی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کاروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک مہینہ جہاں عبادات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہاں پر فرائض کے اعتبار سے بھی اسکی بڑی اہمیت ہے کہ جو ہمارے فرائض ہیں خاص کر جو بندوں کے حقوق ہیں وہ کماحقہ ادا کئے جائیں اسلئے تمام سرکاری آفیسران و اہلکاران اس مہینے میں خاص طور پر عوام کے مسائل حل کرنے میں تندہی سے کام کریں یہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1048962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش