0
Tuesday 28 Mar 2023 13:32

بین المذاہب مکالمے کی آج ازحد ضرورت ہے، وزیر اوقاف پنجاب

بین المذاہب مکالمے کی آج ازحد ضرورت ہے، وزیر اوقاف پنجاب
اسلام ٹائمز۔ وزیر اوقاف پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے لاہور میں کیتھڈرل چرچ کا دورہ کیا اور بشپ ندیم کامران سے ملاقات کی۔ کیتھڈرل چرچ کے دورے کے موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور پادری عمران سموئیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ ماہِ رمضان امنِ عالم کا امین اور بین المذاہب مکالمے کا علمبردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہینہ غمگساری اور محبت و مواخات کا درس دیتا ہے۔ عصرِ حاضر میں انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے تمام ادیانِ عالم کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ رواداری، انسان دوستی، اخوت اور بھائی چارے کے ذریعے ہی موجودہ سوسائٹی کو جنت نظیر بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نبی اکرمؐ نے 'میثاقِ مدینہ' کے ذریعے مختلف مذاہب کے لوگوں کو باہم یکجا کرکے ایک ہی خطّے میں مل کر رہنے کی عملی تصویر دنیا کے سامنے پیش کی۔ بیرسٹر سید اظفرعلی ناصر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مذہبی آزادی میسر ہے، جبکہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی پوری طرح ضامن اور اُن کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کی آج ازحد ضرورت ہے۔ بشپ ندیم کامران نے کہا پاکستان کی سالمیت اورترقی کیلئے انکی پوری کمیونٹی ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔
خبر کا کوڈ : 1049162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش