0
Friday 31 Mar 2023 00:20

آئی جی خیبر پختونخوا کی اعلیٰ پولیس حکام کو دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت

آئی جی خیبر پختونخوا کی اعلیٰ پولیس حکام کو دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں امن و امان کو درپیش چیلجز سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کریں اور اپنی ٹیموں کو پوری تیاری کے ساتھ فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ہر حربے اور مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں سنٹرل پولیس افس پشاور سے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں کیساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔ کانفرنس کا انعقاد گزشتہ شب لکی مروت میں پولیس پر حملے کے تناظر میں کیا گیا۔ تمام ریجنل پولیس آفیسرز اور سی سی پی او پشاور اپنے اپنے ریجن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس میں لکی مروت پولیس کی شہداء کی جرات و بہادری اور فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو چن چن کر بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا۔

صوبائی پولیس سربراہ نے کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ شرپسندوں کے جنگی حربوں کا بھرپور جواب دینے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کے ساتھ ایک جامع  انٹیلی جنس پلان تیار کریں اور ان کے ہر حربے اور کوشش کو پوری قوت کے ساتھ ناکام بنائیں۔ پولیس فیلڈ کمانڈروں کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں واقع تمام پولیس اسٹیشنوں اور چوکیات کا دورہ کرکے درپیش چیلنجز کے تناظر میں وہاں پر تعینات پولیس عملے کی لڑنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیں، غیر محفوظ پولیس پوسٹوں پر زیادہ نفری تعینات کریں اور انہیں تمام جنگی اوزار و آلات اور سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 1049686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش