0
Wednesday 24 May 2023 10:47
دہشتگردی کے عفریت سے نجات کیلئے نچلی سطح پر کام کرنا ہو گا، علامہ جواد نقوی

علامہ سید جواد نقوی کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات

ملک کا اصل مسئلہ انصاف کا فقدان ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گفتگو
علامہ سید جواد نقوی کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی۔ علامہ سید جواد نقوی نے بلوچستان میں سراج الحق پر ہونیوالے خودکش حملے کی مذمت کی۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت سے نجات کیلئے نچلی سطح پر کام کرنا ہوگا اور اس کیلئے نوجوانوں کی ذہن سازی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں فرقہ واریت کو بڑے پیمانے پر فروغ دے کر خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اس میں ٹارگٹ کلنگ بھی ہوتی رہی اور املاک کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے، اس کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء اورعمائدین کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ رہنماوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے پیروکاروں کو امن کی تلقین کریں اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کی ہدایت کریں۔ اس موقع پر سراج الحق نے علامہ سید جواد نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ انصاف کا فقدان ہے، انصاف صرف ان کیلئے ہے جو کروڑوں کے وکیل اور ججز کو راضی کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک شدید سیاسی و معاشی بحران میں دھنس چکا ہے، ریاست کے آئینی ستونوں کے درمیان ٹکراو کی صورتحال ہے، حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1059789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش